دو طلبا پر تشدد، پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ نے 6 طالبعلم معطل کر دئیے

جمعرات 23 جنوری 2025 23:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2025ء) پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ نے دو طالبعلموں پر تشدد میں ملوث اسلامی جمعیت طلبا کے 6 کارکنوں کو معطل کر دیا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی نے جمعیت کے 6 کارکنوں کو معطل کرنے کی منظوری دی۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ نے شعبہ سوشل ورک کے جمعیت کے کارکن محمد سمیع اللہ، سوشیالوجی کے سالار احمد، لا کالج کے عاطف نواز اور عمار خان اور آئی ای آر کے طالبعلم محمد انیس اور مجبتی حسین کو معطل کیا ہےجبکہ پہلے سے خارج شدہ جمعیت کے سابق دو طالبعلموں عثمان احمد اور غضنفر علی کے خلاف کارروائی کے لئے درخواست دے دی ہے۔

ترجمان کے مطابق جمعیت کے کارکنوں نے دو طالبعلموں محمد محسن علی اور محمد عثمان پر 20 جنوری کو ڈنڈوں اور پتھروں سے حملہ کیا تھا اور جمعیت کے کارکنوں کے تشدد سے طالبعلم محسن علی اور محمد عثمان شدید زخمی ہوئے۔ تشدد میں ملوث معطل شدہ یونیورسٹی طلبا کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کرائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معطل شدہ طالبعلموں کے خلاف مزید ڈسپلنری کارروائی قانون کے مطابق ہو گی۔ ترجمان نے کہا کہ یونیورسٹی میں پر تشدد کارروائیوں میں ملوث کسی بھی طالبعلم کے خلاف بلا امتیاز سخت کارروائی ہو گی۔