اوپن یونیورسٹی میں "عالمی یوم تعلیم"کی مناسبت سے تقریب کا اہتمام، امن اور ترقی کے لئے تعلیم لازمی ہے، امن انسان کی فطرت میں ہے اور تعلیم سے اس میں نکھار پیدا ہوتا ہے، پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود

جمعہ 24 جنوری 2025 19:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2025ء) علامہ اقبال اوپن یونورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے کہا ہے کہ امن اور ترقی کے لئے تعلیم لازمی ہے، امن انسان کی فطرت میں ہے اور تعلیم سے اس میں نکھار پیدا ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے" عالمی یوم تعلیم "کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اگر نفرت الفاظ سے شروع ہوتی ہے تو امن کا آغاز تعلیم سے ہوتا ہے۔ انسان دنیا میں جو سیکھتا ہے ، اس کا نقطہ نظر تبدیل ہو جاتا ہے اور تعلیم سے ہی یہ تعین ہوتا ہے کہ ہم دوسروں کے ساتھ کیسا طرز عمل رکھتے ہیں۔عالمی یوم تعلیم کے اس سال کا عنوان مصنوعی ذہانت اور تعلیم ہے اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اپنے جدید تعلیمی نظام کی بدولت عصر حاضر کے پروگرامز کو طلبہ کے نصابات میں متعارف کر رہی ہے تاکہ ترقی یافتہ ممالک کی دوڑ میں پاکستانی طلبہ کسی سے پیچھے نہ رہیں اور ملک کی ترقی میں کردار ادا کر سکیں۔

(جاری ہے)

تقریب میں شعبہ ایجوکیشن کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر فضل الرحمان اور تمام فیکلٹی ممبران نے شرکت کی جبکہ" عالمی یوم تعلیم "کی مناسبت سے کیک بھی کاٹا گیا اور اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر افشاں ہما نے اپنی پوسٹ ڈاکٹریٹ تحقیق جس کا موضوع پیس ایجوکیشن ہے، بھی پیش کی۔