آزاد کشمیر کے ضلع باغ میں انسانی سمگلروں کا ایک گروہ سرگرم

نوجوانوں کو تھائی لینڈ کے ور کنگ ویزوں کا جھانسہ دیکر ویزٹ ویزے پر کمبوڈ یا لے جاتااور وہاں فروخت کر دیتا ہے، متاثرہ خاندانوں کی متعلقہ حکام سے نوٹس لینے کی اپیل

جمعرات 30 جنوری 2025 23:19

باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جنوری2025ء) انسانی سمگلنگ کے مکروہ دھندے میں ملوث ایک اور گروہ بے نقاب ہو گیا، آزاد کشمیر میں انسانی سمگلروں کا ایک گروہ نوجوانوں کو تھائی لینڈ کے ور کنگ ویزوں کا جھانسہ دیکر انھیں ویزٹ ویزے پر کمبوڈ یا لے جاتااور وہاں فروخت کر دیتا ہے ، جہاں نوجوانوں کے خریدار انھیں وزٹ ویزے کی مدت پوری ہونے پر گھر سے رقم منگوانے کے لئے بدترین تشدد کا نشانہ بھی بناتے ہیں ۔

متاثرہ خاندانوں نے حکام سے اس معاملے کا نوٹس لینے اور انصاف دلانے کی اپیل کی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق آزادکشمیر خصوصا ضلع باغ میں گذشتہ دو سا ل سے سرگرم سمگلروں کا گروہ ا اٹھارہ سے بائیس سال کے نوجوانوں کو تھائی لینڈ کے تین لاکھ روپے میں ورکنگ و یزوں کا جھانسہ دیتا ہے۔

(جاری ہے)

جس میں انھیں بتایا جاتا ہے کہ 1200 ڈالر تنخواہ کھانا رہائش اور 10 گھنٹے ڈیوٹی کا ہو گی ۔

نوجوانون کے خاندان اتنا سستے ویزے کی آفر پر فوری بچوں کو بھیجنے کے لئے آمادہ ہو جاتے ہیں ۔ اور تین لاکھ دے دیتے ہیں جس کے بعد یہ گروہ انھیں تین لاکھ روپے بٹورنے کے بعد مزید رقم دینے کے لئے بھی مجبور کرتا ہے متاثر ین کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر آٹھ لاکھ روپے بٹور نے کے بعد ان کے بچوں کو یہ گروہ وزٹ ویزے پر تھائی لینڈ پہنچا کر وہاں ا یجنٹوں کو فروخت کر دیتا ہے ۔

جہاں ایجنٹ انھیں نہ صرف غیر قانونی کام کے لئے مجبور کرتے ہیں بلکہ وزٹ ویزے کی مد ت پوری نہ ہونے پر انھیں گھر فون کر کے رقم منگوانے کا مطالبہ کرتے ہیں ۔ رقم نہ منگوانے کی صورت میں نو جوانوں کو بدترین تشدد کا نشانہ بناتے ہیں اور انکی نازیبا اور پر تشدد ویڈیوز بنا کر گھر والوں کو بھیجتے ہیں ۔ بڑی تعداد میں ایسے نوجوان تھائی لینڈ میں پھنسے ہوے ہیں ۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ باغ آذاد کشمیر تحصیل بیرپانی کا ایک ایجنٹ بھی اس دھندے میں شامل ہے۔ متا ثرین نے متعلقہ حکام سے واقعے کا نوٹس لینے اور تحقیقات کر کے اس گروہ کو گرفتار کر نے کی اپیل کی ہے ۔