Live Updates

سعودی عرب میں ماہ شعبان کے چاند اور شب برات کی تاریخ سے متعلق اعلان کر دیا گیا

سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں ماہ شعبان المعظم 1446 ہجری کا آغاز 31 جنوری بروز جمعہ سے ہو گا

muhammad ali محمد علی جمعرات 30 جنوری 2025 20:47

سعودی عرب میں ماہ شعبان کے چاند اور شب برات کی تاریخ سے متعلق اعلان ..
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 جنوری2025ء) سعودی عرب میں ماہ شعبان کے چاند اور شب برات کی تاریخ سے متعلق اعلان کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں بھی جمعرات کی شام کو ماہ شعبان المعظم 1446 ہجری کا چاند نظر آ گیا۔

سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں ماہ شعبان المعظم 1446 ہجری کا آغاز 31 جنوری بروز جمعہ سے ہو گا۔

جبکہ شب برات 13 فروری بروز جمعرات کو ہو گی۔ دنیا کے کئی ممالک میں ماہ شعبان کا چان نظر آنے کے بعد پاکستان سمیت دنیا بھر میں ماہ رمضان المبارک کے استقبال کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ پاکستان میں شعبان کا چاند دیکھنے کے لئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج بروز جمعرات کو اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے کی۔

(جاری ہے)

زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی ان کے متعلقہ ہیڈ کوارٹرز لاہور، کراچی،کوئٹہ اور پشاور میں ہوئے۔ ملک کے مختلف علاقوں سے چاند کی شہادتیں موصول ہونے کے بعد چئیرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے اعلان کیا کہ یکم شعبان المعظم 1446 ہجری 31 جنوری بروز جمعہ کو ہو گی، جبکہ شب برات 13 فروری بروز جمعرات کو ہو گی۔ اس سے قبل جاپان دنیا کا وہ پہلا ملک تھا جہاں ماہ شعبان 1446 ہجری کے آغاز کی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا۔

جاپان کی رویت ہلال کمیٹی نے ماہ شعبان کی رویت سے متعلق اعلان کیا کہ ملک میں ماہ شعبان 1446 ہجری کا آغاز 31 جنوری بروز جمع سے ہو گا۔ جبکہ واضح رہے کہ ماہرین فلکیات کی پیشن گوئی کے مطابق ماہ شعبان کے چاند کی پیدائش گزشتہ روز ہو گئی تھی۔ ماہرین فلکیات کے مطابق شعبان کے چاند کی پیدائش پاکستان کے مقامی وقت کے مطابق 29 جنوری کی شام 5 بجکر 36 منٹ پر ہوئی۔

یوں پاکستان میں شعبان کا چاند30جنوری بروز جمعرات نظر آنے کا قوی امکان ظاہر کیا گیا۔ ماہرین فلکیات کے مطابق 30 جنوری بروز جمعرات کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 25 گھنٹے 4 منٹ ہوگی، چاند نظر آنے کا دورانیہ غروب آفتاب کے بعد 57 منٹ تک رہنے کا امکان ہے۔ یوں 30 جنوری کو ماہ شعبان کا چاند نظر آ جانے کا قوی امکان ہے۔ جبکہ رمضان المبارک کے آغاز کے حوالے سے بھی ماہرین فلکیات کی اہم پیشن گوئی بھی سامنے آئی ہے۔

اس سال رمضان المبارک کا آغاز ماہ مارچ میں ہوگا،کچھ ممالک میں اس کا آغاز یکم مارچ اور کچھ کا 2 مارچ ہوگا،سعودی عرب، خلیجی ممالک سمیت کئی مغربی اور یورپی ممالک میں یکم رمضان یکم مارچ بروز ہفتہ کو ہوگا۔ عید الفطر، 30 مارچ بروز اتوار یا 31 مارچ بروز پیر کو آنے کا امکان ہے۔ جبکہ پاکستان میں رواں سال 2025 میں عیدالفطر کب ہو گی اس کی متوقع تاریخ بھی سامنے آ گئی۔

ماہرین فلکیات کے مطابق پاکستان میں عیدالفطر کا چاند 29 یا 30 مارچ کو نظر آنے کا امکان ہے۔ یوں عیدالفطر 30 یا 31 مارچ کو منائی جائے گی۔پاکستان میں رمضان المبارک اور عید کے چاند نظر آنے کا حتمی اعلان رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے کیا جائے گا۔ واضح رہے رمضان المبارک قمری سال کا نواں مہینہ ہے جو دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے مقدس ہے۔ اس ماہ مبارک میں اہل اسلام نماز فجر کا وقت شروع ہونے سے نماز مغرب تک اللہ کی رضا کے لیے بھوکا پیاسا رہ کر روزہ رکھتے ہیں اور عید اللہ تعالی کی جانب سے اپنے ان ہی روزہ دار بندوں کے لیے ایک انعام ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان میں یکم جنوری کو ماہ رجب المرجب کا چاند نظر آ گیا تھا جس کے بعد پاکستان سمیت دنیا بھر میں رمضان المبارک کی آمد کی تیاریاں شروع کر دی گئیں۔ ماہرین موسمیات کی بھی اہم پیشن گوئی سامنے آئی ہے۔ رواں سال ماہ صیام کا آغازموسم سرما کے اختتام اور موسم بہارکا آغاز پر ہورہا ہے،گزشتہ سالوں کی نسبت روزے قدرے ٹھنڈے ہوں گے۔ توقع ہے کہ کئی عرب ممالک مثلا سعودی عرب ، امارات ، قطر ، کویت اور مصر سمیت دنیا کے بیشتر ممالک میں رمضان کے ابتدائی ایام میں روزے کا دورانیہ تقریباً 13 گھنٹے ہوگا۔
Live عید الاضحیٰ سے متعلق تازہ ترین معلومات