رکن قومی اسمبلی رانا ارادت شریف خان کی زیر صدارت قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کا اجلاس

جمعہ 31 جنوری 2025 21:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جنوری2025ء) قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کا اجلاس جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں رانا ارادت شریف خان، ایم این اے کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ پرائم منسٹر ڈیلیوری یونٹ (پی ایم ڈی یو )نے پارلیمانی امور کی قائمہ کمیٹی کو پاکستان سٹیزن پورٹل (پی سی پی ) کی کارکردگی اور ورکنگ میکنزم کے بارے میں بریفنگ دی۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ 2018 میں اپنے قیام کے بعد سے اب تک پاکستان سٹیزن پورٹل پر کل 4,415,041 افراد رجسٹرڈ ہو چکے ہیں جن میں سے 4,075,113 پاکستانی شہری، 322,103 اوورسیز پاکستانی اور 17,828 غیر ملکی شہری ہیں۔ پورٹل نے کل 6,052,663 شکایات پر کارروائی کی ہے جن میں سے اکتوبر 2018 سے اب تک 5,974,343 شکایات (99 فیصد) حل کی جا چکی ہیں۔ کمیٹی نے سفارش کی کہ شکایات کی چھان بین اور درجہ بندی کے لئے مصنوعی ذہانت (AI) کا انضمام پاکستانی شہریوں (اندرونی اور بیرون ملک دونوں) کی شکایات کے حل کے لئے پاکستان سٹیزن پورٹل (پی سی پی ) کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے تیز تر رسپانس کو یقینی بنائے گا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اراکین قومی اسمبلی راجہ قمر الاسلام، چوہدری محمود بشیر ورک، نوید عامر، ڈاکٹر نکہت شکیل خان، مجاہد علی، علی محمد، حمید حسین،خرم شہزاد ورک اورشاہدہ بیگم اور پرائم منسٹر ڈلیوری یونٹ (پی ایم ڈی یو) کے افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔