سندھ کے پانی پر قبضے کے خلاف آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کے لئے دریائے سندھ بچائو تحریک کا ا اجلاس (آج)فنکشنل لیگ ہائوس ہوگا

اجلاس میں دریائے سندھ بچائو تحریک کی جدوجہد کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا،سندھ کے پانی، زمینوں اور وسائل پر قبضہ برداشت نہیں کریں گے،سید زین شاہ

پیر 3 فروری 2025 20:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 فروری2025ء)سندھ کے پانی پر قبضے کے خلاف آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کے لئے دریائے سندھ بچائو تحریک کا ایک اہم مشترکہ ہم خیال سیاسی جماعتوں کا سربراہی اجلاس آج(منگل)کودوپہر 3 بجے فنکشنل لیگ ہائوس کراچی میں منعقد ہوگا۔اجلاس میں صدر الدین شاہ، ڈاکٹر صفدر عباسی، سید زین شاہ، سردار رحیم، ایاز لطیف پلیجو، کاشف شیخ، حلیم عادل شیخ، لیاقت جتوئی، حسنین مرزا، مسرور جتوئی، ودیگر شرکت کریں گے۔

اجلاس میں ملک کی سیاسی صورت حال پر بھی مشاورت کی جائے گی۔صدر سندھ یونائیٹڈ پارٹی و کنوینر دریائے سندھ بچائو تحریک سید زین شاہ نے اپنے جاری بیان میں کہاکہ اجلاس میں دریائے سندھ بچائو تحریک کی جدوجہد کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

سندھ کے پانی، زمینوں، جزائر اور وسائل پر قبضہ برداشت نہیں کریں گے۔ ہم دریائے سندھ پر قبضے کے خلاف جنگ کے لیے تیار ہیں اور دریائے سندھ پر ڈاکہ نہیں مارنے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اقتدار اور مفادات کی خاطر زرداری سندھ کی لاکھوں ایکڑ زمین اور دریائے سندھ کا پانی کمپنی کو دینے کی سازش کررہاہے۔ سندھ میں زرداری حکومت نے ظلم کی انتہا کر دی ہے۔ سندھ کی عوام نے پیپلز پارٹی کے دہرے معیار کو پہچان چکی ہے۔ چیئرمین واپڈا کی بریفنگ نے پیپلز پارٹی کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کر دیا ہے۔سندھ کے عوام کبھی بھی اپنے حقوق اور وسائل سے دستبردار نہیں ہوں گے یہ کڑوروں لوگوں کی زندگی اور موت کا مسئلہ ہے۔