علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ' آرگینک کچن گارڈننگ'کی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

منگل 4 فروری 2025 17:03

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ' آرگینک کچن گارڈننگ'کی تربیتی ورکشاپ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 فروری2025ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں گرین یوتھ موومنٹ کلب اور شعبہ زرعی سائنس کے اشتراک سے گذشتہ روز "آرگینک کچن گارڈننگ" کی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں طلباء و طالبات کے علاوہ یونیورسٹی کے اساتذہ اور سٹاف ممبرزنے تربیت حاصل کی۔فیکلٹی آف سائنسز کے ڈین /شعبہ زرعی سائنس کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر شیر محمدورکشاپ کے ریسورس پرسن تھے جنہوں نے طلبہ کو زہر اور کیمیائی کھاد سے پاک سبزیوں کی قدرتی کاشت کے طریقوں کے بارے میں سکھایا۔

انہوں نے گھریلو پیمانے پر صحت افزا ء نامیاتی سبزیوں کی کاشت ، قدرتی کھاد بنانے کے طریقے ، نباتاتی طریقوں سے کیڑوں اور بیماریوں کی روک تھام وغیرہ کے طریقے بھی سکھائے۔

(جاری ہے)

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شیر محمد نے کہا کہ اس تربیتی ورکشاپ کا مقصد طلبہ کو کچن گارڈننگ کی جانب راغب کرنا تھا جو صحت مند معاشرے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں کچن گارڈننگ رواج پارہی ہے جبکہ پاکستان میں اس جانب کوئی خاص توجہ نہیں ہے۔

ڈاکٹر شیر محمد نے کہا کہ بدقسمتی سے ہم سبزیوں اور دالوں کو اہمیت نہیں دیتے ، اسی طرح ہم آرگینک کچن گارڈننگ کو اہمیت نہیں دیتے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی سمت خود درست کرنا ہوگی، صحت مند معاشرے کے قیام کے لئے ہمیں اپنے ملک میں کچن گارڈننگ کو فروغ دینا ہوگا، عہد کرنا ہوگا کہ ہم میں سے ہر ایک نے اپنے گھر میں سبزیوں کی کاشت کرنی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ کچن گارڈن آپ اپنے گھر کے کسی بھی حصے میں اگا سکتے ہیں، ہم اپنے گھر کی کھڑکیوں یا بالکونی کو استعمال کرکے ورٹیکل گارڈن سے اپنے گھر کی سبزی کی ضروریات پوری کرسکتے ہیں۔اس موقع پر گرین یوتھ موومنٹ کلب کی ممبر ڈاکٹر صوفیہ خالد، گرین یوتھ کلب کے سیکرٹری ڈاکٹر محمد شوکت اور شعبہ لائبریری سائنس کے فیکلٹی ممبر ڈاکٹر محمد عارف نے بھی کچن گارڈننگ کی اہمیت اور ضرورت پر اظہار خیال کیا۔

ڈاکٹر محمد شوکت نے گرین یوتھ موومنٹ کلب کے قیام کے اغراض و مقاصدبھی بیان کئے۔تقریب میں یونیورسٹی کی ایڈیشنل رجسٹرار بی بی یاسمین، اسسٹنٹ رجسٹرار رانا شرافت علی نے بھی شرکت کی۔تربیتی شرکاء نے ورکشاپ کے حوالے سے اپنے تاثرات بیان کرتے ہوئے کہا کہ بہت مفید تربیت تھی، ہمیں گھریلوں پیمانے پر صحت افزا سبزیوں کی کاشت کی تربیت دی گئی جس کے نتیجے میں اب ہم اپنے گھروں میں اپنی ضرورت کی سبزیاں اگاسکیں گے۔ ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔ یاد رہے کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود کے وژن کے مطابق یونیورسٹی نے طلبہ اور فیکلٹی کی پروفیشنل ڈویلپمنٹ پر خاص توجہ مرکوز رکھی ہے ،یہ ورکشاپ اسی سلسلے کی کڑی تھی۔