اسمبلیاں الیکٹرانک سگریٹ کے خلاف بل پاس کرے، رفیع احمد

بدھ 5 فروری 2025 17:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 فروری2025ء)الیکٹرانک سگریٹ ( ویپ)عام ہونے کی وجہ سے معاشرتی، سماجی اور صحت کے مسائل بڑھ رہے ہیں یہ بات گزشتہ روز تنظیم فرینڈز آف اینٹی نارکوٹکس آف سندھ (فانوس)کے صدر رفیع احمد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا ہمارے لوگ بالخصوص نوجوان طبقہ ویپ کے چنگل میں پھنستا جارہا ہے، ویپ کے استعمال کرنے والے چرس اور کرسٹل آیس جیسے نشوں میں بآسانی مبتلا ہو رہے ہیں، المیہ یہ ہے کہ ہمارے طلبا وطالبات کی بڑی تعداد بھی ویپ کا سر عام استعمال کر رہی ہے، یہ ہی وجہ ہے کالجز میں طلبہ کی حاضری کم سے کم ہوتی جا رہی ہے، محکمہ تعلیم پرنسپل ،اساتذہ اور والدین کی مدد سے کالجز میں طلبہ و طالبات کی سو فیصد حاضری یقینی بنائے اور ویپ کے خلاف شعور و آگہی کے پروگرام کا انعقاد کرے۔

(جاری ہے)

رفیع احمد نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جلد از جلد صوبائی و قومی اسمبلی کے ذریعے ویپ کے نقصانات سے متعلق قانون سازی کرے۔ویپ کے لیکویڈ اور ڈیوائسز کی در آ مد پر پابندی عائد کرے۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس فی الفور ویپ شاپس، شیشہ کیفے اور ان ریستوران کو بند کرے جو اس کو فروخت کر رہے ہیں۔اگر ہم نے اس کے خلاف قانون سازی نہیں کی تو ہمیں جلد تباہ کن صورت حال سے نبرد آزما ہونا پڑے گا۔ پریس کانفرنس میں سینیئر رکن ذوالفقار بھی موجود تھے۔