شیر از خان کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) صوابی کا اجلاس ،درپیش چیلنجز ،ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال

وزیر اعظم ،وفاقی وزرا کی صوابی آمد عوام کیلئے بڑی خوشخبری ہو گی،گدون انڈسٹریل اسٹیٹ کی اپ گریڈیشن ،سی پیک سے منسلک کرنے سے علاقے میں صنعتوں کو فروغ ملے گا،روزگار کے مواقع بڑھیں گے، ضلعی صدر

بدھ 5 فروری 2025 20:20

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 فروری2025ء)مسلم لیگ (ن)ضلع صوابی کا اجلاس ضلعی صدر شیر از خان کی صدارت میں ہوا جس میں ضلعی و تحصیل عہدیداران اور کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جنرل سیکرٹری بابر خان نے اجلاس کا ایجنڈا پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان اور وفاقی وزرا جلد ضلع صوابی کا دورہ کرکے ورکرز کنونشن میں شرکت کریں گے، جس کی تاریخ اور وقت کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

اجلاس میں ملک عبدالاحد، اویس با چا، اسرار خان ایڈووکیٹ، سید علی گیلانی، اسفندیار خان ایڈووکیٹ، راج بہادر، عقیل محمد خان ایڈووکیٹ اور افسر علی خان نے مسلم لیگ ن کی ضلعی قیادت کو درپیش چیلنجز اور ترقیاتی منصوبوں پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم اور وفاقی وزرا کی ضلع صوابی آمد عوام کے لیے ایک بڑی خوشخبری ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس موقع پر مختلف ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے مطالبہ کیا گیا کہ گدون انڈسٹریل اسٹیٹ کی اپ گریڈیشن اور اسے سی پیک سے منسلک کیا جائے تاکہ علاقے میں صنعتوں کو فروغ ملے گا اور روزگار کے مواقع بڑھیںگے۔

انہوں نے کہا کہ صوابی میں جدید گردوں کے ہسپتال کڈنی ہسپتال کا قیام عمل میں لایا جائے تاکہ مریضوں کو مقامی سطح پر علاج کی سہولت میسر ہو۔صوابی میں دیگر میگا پراجیکٹس جن کی تکمیل سے علاقے کی ترقی اور عوام کو سہولتیں فراہم ہو سکیں، مقررین نے مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت، خاص طور پر انجینئر امیر مقام اور چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے بابر خان کو خیبر پختونخوا کیلئے وزیر اعظم یوتھ پروگرام کا کوآرڈنیٹر مقرر کیا جو نوجوانوں کیلئے مثبت قدم ہے۔

ضلعی صدر شیر از خان نے اجلاس میں یقین دہانی کرائی کہ ورکرز کنونشن کے کامیاب انعقاد اور وزیر اعظم و وفاقی وزرا کی صوابی آمد کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ علاقے کی ترقیاتی ضروریات پوری کی جا سکیں۔