قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کا اجلاس، کلور کوٹ پل، پاکستان فٹ بال فیڈریشن اور پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے منصوبوں پر بریفنگ

جمعرات 6 فروری 2025 20:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 فروری2025ء) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے معاملات کی مزید جانچ کے لئے ذیلی کمیٹی تشکیل دی جس کی سربراہی ایم این اے انجم عقیل کریں گے۔ دیگر اراکین میں ایم این اے ڈاکٹر مہرین رزاق بھٹو اور ایم این اے جمشید احمد دستی شامل ہوں گے۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل اور ڈپٹی ڈی جی اور فٹ بالر صہیب اس ذیلی کمیٹی کی معاونت کریں گے۔

یہ ذیلی کمیٹی پی ایف ایف کانگریس ممبران کے ساتھ بات چیت کرے گی اور پی ایف ایف کانگریس میں تین خواتین ارکان کی تقرری کا جائزہ لے گی۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی بین الصوبائی رابطہ کا اجلاس جمعرات کو چیئرمین کمیٹی محمد ثناء اللہ خان مستی خیل کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں کلور کوٹ پل، پاکستان فٹ بال فیڈریشن اور پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔

نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے جنرل منیجر (ڈیزائن) نے کمیٹی کو لنکنگ اور اپروچ سڑکوں کی تعمیر پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں خیبرپختونخوا ، پنجاب، وفاقی پلاننگ کمیشن اور وزارت مواصلات کے نمائندوں نے شرکت کی تاہم کمیٹی نے پنجاب کے سیکرٹری مواصلات اور تعمیرات کی غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کیا۔ تفصیلی غور و خوض کے بعد کمیٹی نے ایڈیشنل سیکرٹری آئی پی سی کو تمام متعلقہ فریقین کے ساتھ اجلاس بلانے کی ہدایت دی۔

ایڈیشنل سیکرٹری نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ ایک نیا ٹوپوگرافک سروے کرایا جائے گا اور پی سی ون کی منظوری درکار ہوگی تاہم مالی سال 2025-26 کے لیےپی ایس ڈی پی اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے منصوبوں کے تحت وفاقی اور صوبائی سطح پر بجٹ مختص کیا جا چکا ہے۔کمیٹی نے چیف سیکرٹریز اور پنجاب و خیبرپختونخوا کے سیکرٹریز کو ایک ماہ کے اندر پل کی تعمیر پر اپڈیٹ دینے کی ہدایت کی۔

کمیٹی نے اس منصوبے کو قومی سطح پر ایک اہم انفراسٹرکچر منصوبہ قرار دیا اور کہا کہ اس میں کسی قسم کی تاخیر سے بھاری مالی نقصان ہو سکتا ہے۔ اس منصوبے کو خیبرپختونخوا، پنجاب اور بلوچستان کے عوام کے لیے بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے تناظر میں انتہائی اہم قرار دیا گیا۔پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے چیئرمین نارملائزیشن کمیٹی ہارون ملک نے کمیٹی کو پی ایف ایف کے انتخابی عمل پر بریفنگ دی جو ضلعی سطح سے شروع ہوا تھا۔

انہوں نے آگاہ کیا کہ تمام انتخابات مکمل ہو چکے ہیں اور 22 منتخب کانگریس ممبران اگلے مرحلے کی نگرانی کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پہلی بار پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے 2023 اولمپک کوالیفائرز میں شرکت کی اور دوسرے مرحلے تک رسائی حاصل کی۔ انہوں نے کمیٹی کو یقین دلایا کہ وہ کسی بھی پی ایف ایف انتخاب یا عہدے کے امیدوار نہیں ہیں۔ کمیٹی نے اولمپک سطح پر فٹ بال کے فروغ کے لیے پی ایف ایف کی کاوشوں کو سراہا۔

سابق پی ایف ایف صوبائی صدر سردار نوید حیدر نے بھی کمیٹی کو بریفنگ دی اور فیڈریشن کے معاملات پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔اجلاس میں ممبران قومی اسمبلی انجم عقیل خان، شیخ آفتاب احمد، سردار محمد یعقوب خان ناصر، شائستہ خان، حاجی رسول بخش چانڈیو، سیدہ شہلا رضا، ڈاکٹر مہرین رزاق بھٹو، محمد اقبال خان، خواجہ اظہار الحسن، محمد مقداد علی خان، جمشید احمد اور سید سمیع اللہ سمیت ایڈیشنل سیکرٹری این ایچ اے، خیبرپختونخوا و پنجاب کے نمائندے اور دیگر حکام و افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔