تعلیمی بورڈ ساہیوال نے میٹرک کے سالانہ امتحان2025کو صاف اور شفاف بنانے کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دیدی ہے، چیئرمین بورڈ

جمعہ 7 فروری 2025 21:10

تعلیمی بورڈ ساہیوال نے میٹرک کے سالانہ امتحان2025کو صاف اور شفاف بنانے ..
ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 فروری2025ء) تعلیمی بورڈ ساہیوال نے میٹرک کے سالانہ امتحان2025کو صاف اور شفاف بنانے کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے، امتحان کا آغاز 4مارچ2025سے ہوگا جس کے لئے ساہیوال ڈویژن کے تینوں اضلاع ساہیوال، اوکاڑہ اور پاکپتن میں 212امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ یہ بات کمشنر/چیئرمین ساہیوال بورڈ شعیب اقبال سید کی زیر صدارت میٹرک کے سالانہ امتحان2025کے جائزہ اجلاس میں بتائی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر/چیئرمین ساہیوال بورڈ شعیب اقبال سید نے کہا کہ امتحان میں شریک امیدواران کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ محنتی، دیانتدار اور اچھی شہرت کے حامل اساتذہ کی بطور امتحانی عملہ بروقت نامزدگی کی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ کرپٹ عناصر کے خلاف سخت تادیبی کاروائی کی جائے۔

کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر رانا نوید عظمت نے اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ میٹرک امتحانات 2025میں دہم کے تقریباً 72590 اورنہم کے 98456طلبہ و طالبات شرکت کریں گے، تمام امتحانی مراکز میں امتحانی عمل کو شفاف بنانے کے لئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے جو مراکز کے اندر اور داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی کریں گے۔ اسی طرح میٹرک برانچ میں آن لائن شکایت سیل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے تاکہ طلبہ و طالبات، سپروائزری سٹاف، والدین، سربراہان ادارہ جات امتحانات سے متعلق شکایات [email protected]پر بذریعہ ای میل یا دستی جمع کروا سکتے ہیں۔ مزید سوالیہ پرچہ جات (انشائیہ/معروضی) کی سوشل میڈیا پر تشہیر و شیئرنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔