Live Updates

رمضان المبارک میں اتحاد رمضان کے تحت 10لاکھ افراد افطار کریں گے، گورنرسندھ

شہداء کے اہل خانہ مہمان خصوصی ہوں گے، قرعہ اندازی کے تحت انعامات بھی تقسیم کریں گے، پریس کانفرنس

ہفتہ 8 فروری 2025 23:32

رمضان المبارک میں اتحاد رمضان کے تحت 10لاکھ افراد افطار کریں گے، گورنرسندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 فروری2025ء) گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے کہاہے کہ اس رمضان المبارک میں اتحاد رمضان کے تحت تاریخ کا سب سے بڑا دستر خوان لگائیں گے جہاں پر 10لاکھ افراد افطاری کریں گے اس میں شہداء کے اہل خانہ مہمان خصوصی ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنرہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اتحاد رمضان کے تحت عمرہ کے ٹکٹس، پلاٹس، لیپ ٹاپس سمیت کروڑوں روپے کے انعامات قرعہ اندازی کے ذریعہ تقسیم کریں گے۔صوبہ کے لوگوں کو دعوت دیتاہوں کہ وہ گورنرہائوس آکر افطار کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس رمضان المبارک ، گورنرہائوس میں تاریخ کا سب سے بڑا اسٹیج بھی بنائیں گے جبکہ 15ممالک سے قرآت ، نعت خوانی کے لئے مفتیان کرام اور نعت خواں آئیں گے ، اس کے علاوہ گورنرہائوس میں تراویح کا بھی خصوصی انتظام ہوگا ، مدینہ شریف سے عالم دین تراویح پڑھانے آئیں گے۔

(جاری ہے)

نعت ، قوالی اور اذکار کی محافل بھی منعقد کریں گے۔ انہوںنے کہا کہ پہلا روزہ رکھنے والے بچوں کی رجسٹریشن والدین گورنرہائوس میں کرادیں کیونکہ پہلا روزہ رکھنے والے بچوں کے لئے خصوصی ٹیبل ہوگی وہ میرے ساتھ افطار کریں گے۔انہوں نے متحدہ اراکین اسمبلی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں دستر خوان لگائیں اورافطار اور ڈنر کا خصوصی اہتمام کریں۔ گورنرسندھ نے کہا کہ رمضان المبارک میں عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت امیج اجاگر ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عوام میں پیار و محبت عام کرنا چاہتا ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ نے کہا کہ آئی جی سندھ اور ڈی آئی ٹریفک ڈمپر حادثات کی روک تھام کے لئے فوری اقدامات کریں۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات