کاشتکاروں کے مفادات اور حقوق کا تحفظ کریں گے،گورنرخیبرپختونخوا

کاشتکار تنظیموں کے نمائندہ جرگہ کے وفدکی فیصل کریم کنڈی سے ملاقات، بل پر دستخط نہ کرنے کامطالبہ

اتوار 9 فروری 2025 18:15

صوابی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 فروری2025ء)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا ہے کہ کاشتکاروں کے مفادات اور حقوق کا تحفظ کریں گے،صوبائی حکومت کی جانب سے کسانوں پر عائد کردہ زرعی انکم ٹیکس بل نمبر 2025کے حوالے سے صوبے کے کاشتکاروں کا ایک بڑا کنونشن گورنر ہاؤس میں منعقد کیا جائے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس میں کاشتکار تنظیموں کے نمائندہ جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، نمائندہ جرگہ کے وفد نے زرعی ٹیکس کے نفاذ کے خلاف گورنر پختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی ۔

وفد میں اتحاد کاشتکاران پختونخواکے سینئروائس چیئرمین داؤد جان خان ، لیاقت یوسفزئی ، احمد جان کاکا ، جنرل سیکرٹری اسفندیار خان ، شہاب خان ،ٹوبیکو گرورز ایسوسی ایشن کے اذاد خان ، نور محمد ، انور خان ، بونیر سے ظاہر شاہ خان ،بلاد اللہ خان ،کاشتکار کوارڈینیشں کونسل کے فریداللہ کاکا ، ناصر خان ، محمد علی ڈاگیوال ، انجمن کاشتکاران کے اجمل شاہ روغانی ،کسان بورڈ کے عبدالاکبر خان، جاوید خان ، فرہاد خان شیرگڑھ،ابرار اللہ محنت کش لیبر یونین اور صوبہ بھر سے دوسرے نمائندگان نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر محمد علی شاہ باچا، ضلعی صدر صوابی صدر علی خان ، بلند اقبال ترکئی بھی موجود تھے ۔اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ خبیر پختونخوا گذشتہ 20سالوں سے حالت جنگ میں ہے، زراعت نقصان میں جا رہا ہے، صوبے میں جنگ کی وجہ سے کیمیائی کھادوں تک پر دہشت گردی کی وجہ سے پابندی ہے ۔ گورنر سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اس بل پر دستخط سے انکار کریں ۔ گورنر فیصل کریم کنڈی نے وفد کو اپنے خطاب میں یقین دلایا کہ وہ صوبے کی کاشتکاروں کے مفادات کا دفاع کریں گے۔اور بہت جلد پختونخوا کاشکاروں کا بڑا کنونشن پشاور گورنر ہاوس میں منعقد کریں گے ،جس میں کاشتکاروں کے مسائل اور اس کے حل کیلئے عملی اقدامات کیے جائنگے ۔