گھر کا صفایا کرنے میں ملوث چور گینگ گرفتار، 23 تولہ سونا برآمد

جمعہ 14 فروری 2025 23:10

گھر کا صفایا کرنے میں ملوث چور گینگ گرفتار، 23 تولہ سونا  برآمد
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 فروری2025ء) گھر سے لاکھوں روپے مالیت کے قیمتی طلائی زیورات چوری کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔تھانہ تاتارا اور تھانہ حیات آباد پولیس نے گھر سے چوری میں ملوث ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کرلیا۔ چوری کی واردات میں گھر کی ملازمہ ملوث نکلی، جس نے اپنے والدین کے ساتھ مل کر اہل خانہ کی غیر موجودگی میں گھر سے قیمتی طلائی زیورات چوری کئے۔

(جاری ہے)

گرفتار ملزمان ہمسایہ ملک افغانستان کے رہائشی ہیں۔ ملازمہ مسماۃ (گ) دختر عثمان عرف شفیق نے دوران تفتیش چوری کے واقعہ میں ملوث ہونے کے ساتھ ساتھ والدین عثمان عرف شفیق ولد خالی خان اور مسماۃ (گ) زوجہ عثمان کی بھی نشاندہی کی جن کو لیڈیز پولیس کی مدد سے گرفتار کرلیا گیا۔ کارروائی کے دوران مال مسروقہ 23 تولہ سونا اور آرٹیفشل جیولری بھی برآمد کرلی گئی ہے۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔