گوجرانوالہ ، یوم کاشتکاران کے سلسلہ میں پروگرام کا اہتمام کیا گیا

ہفتہ 15 فروری 2025 17:20

گوجرانوالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 فروری2025ء) ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر جاوید اختر اورپرنسپل ایگریکلچر آفیسر/ اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت (توسیع) گوجرانوالہ محمد اعظم مغل کی زیر صدارت مرکز قلعہ دیدار سنگھ تحصیل و ضلع گوجرانوالہ میں یوم کاشتکاران فصل گندم کے سلسلہ میں پروگرام کا اہتمام کیا گیا ۔ پروگرام میں ڈپٹی ڈائریکٹرز زراعت توسیع ڈاکٹر جاوید اختر ،امجد علی بخآری،ریجنل ہیڈ این آر ایس پی ،حافظ عنایت اللہ و دیگرمقامی زرعی ماہرین سمیت علاقہ بھر کے ترقی پسند کاشتکاروں نے بھرپور شرکت کی۔

پروگرام کے شرکاء ڈاکٹر جاوید اختر ،محمد اعظم مغل و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نوازشریف کسانوں کی فلاح و بہبود کے لئے بھرپور کوشاں ہیں اور اس سلسلہ میں متعدد اقدامات کررہی ہیں جن میں کسان کارڈ،گرین ٹریکٹر سکیم،سولر ائزیشن اور گندم کے پیداواری مقابلوں کا انعقاد وغیرہ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت (توسیع) کی طرف سے جاری کردہ سفارشات پر عمل کرکے ہی کاشت کار اچھی پیداوار حاصل کر سکتے ہیں۔

امجد علی بخآری نے کاشتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ زراعت (توسیع) کی طرف سے اس طرح کے پروگرام بہت اہمیت کے حامل ہوتے ہیں جن میں اچھی پیداوار حاصل کرنے کے سنہری اصول بتائے جاتے ہیں جن پر عمل کرکے کسان اچھی پیداوار حاصل کر سکتےہیں ۔ انہوں نے کاشتکاروں کو NRSP کی جانب سے ان کی فلاح و بہبود کیلئے شروع کئے گئے مختلف پروگرموں کے متعلق تفصیل سے بات کی۔محمد اعظم مغل نے خشک سالی سے نمٹنے کےلئے کھادوں کے استعال کے خصوصی طریقوں اور دیگر اہم اقدامات کے متعلق تفصیل سے بات کی ۔آخر میں مقررین نے کاشتکاروں کے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔\378