حکومت کا پٹرول 1 روپیہ سستا کرنے کا اعلان

16 فروری سے 28 فروری تک کی مدت کیلئے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی کمی کر دی گئی، نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہو گا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 15 فروری 2025 23:48

حکومت کا پٹرول 1 روپیہ سستا کرنے کا اعلان
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 فروری2025ء) حکومت کا پٹرول 1 روپیہ سستا کرنے کا اعلان، 16 فروری سے 28 فروری تک کی مدت کیلئے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 4 روپے کمی کر دی گئی، نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے 16 فروری سے پٹرولیم مصنوعات میں کمی کا باضابطہ اعلان کر دیا۔ وفاقی حکومت کے فیصلے کے بعد اوگرا کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق فی لٹر پٹرول کی قیمت 1 روپیہ کمی کے ساتھ 256روپے 13 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 4روپے کمی سے 283روپے 97 پیسے ہو گئی۔

مٹی کے تیل کی قیمت 3 روپے 20 پیسے فی لٹر کمی ہونے سے 171روپے 65 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 5 روپے 25 پیسے کمی سے 155روپے 81 پیسے ہو گئی۔ واضح رہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے باعث پاکستان میں بھی 16 فروری سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

اعدادو شمار پر مبنی ایک پورٹ میں کہا گیا کہ 16 فروری کو پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 28 پیسے کی کمی متوقع ہے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 79 پیسے کمی کی امید ہے۔

تاہم اب وفاقی حکومت کی جانب سے میڈیا پر چلنے والی رپورٹس کے برعکس پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں 6 فیصد تک کمی ہوئی ہے، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں 83.40 ڈالر سے کم ہو کر 78.35 ڈالر فی بیرل ہوگئیں۔ اس سے قبل حکومت نے یکم فروری 2025 ء کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا ۔

دوسری جانب ملکی تاریخ میں پہلی بار کسی بھی مالی سال کی پہلی ششماہی میں سب سے زیادہ لیوی کی وصولی کا انکشاف ہوا ہے۔ جولائی تا دسمبر 2024 کے دوران پیٹرولیم لیوی کی مد میں وصولی 549 ارب 41کروڑ روپے سے زائد رہی جس سے رواں مالی سال ملکی تاریخ کی سب سے زیادہ لیوی کی وصولی کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔ وصولی کا ہدف 1281ارب روپے مقرر کیا گیا ہے اور فی لیٹر پیٹرول پر60 روپے لیوی وصول کی جارہی ہے۔

ذرائع کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی میں سالانہ بنیاد پر پیٹرولیم لیوی کی وصولی میں 76 ارب 64 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا ہے۔ جولائی تا دسمبر 2024 میں پیٹرولیم لیوی کی مد میں 549 ارب41کروڑ وصول کیے گئے جب کہ گزشتہ مالی سال جولائی تا دسمبر میں پیٹرولیم لیوی کی وصولی472 ارب 77کروڑ روپے تھی۔ واضح رہے کہ پٹرولیم مصنوعات پر وصول کی جانے والی پٹرولیم لیوی سیلز اور دیگر ٹیکسوں کے علاوہ ہے۔

متعلقہ عنوان :