مالک مکان نے صفائی کے بہانے کمرے میں بلاکر ملازمہ کو جنسی زیادتی کا نشانہ بناڈالا

پولیس نے 15 پر موصول کال پر فوری ایکشن لیتے ہوئے ملزم مقصود کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کردیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 18 فروری 2025 14:01

مالک مکان نے صفائی کے بہانے کمرے میں بلاکر ملازمہ کو جنسی زیادتی کا ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 فروری 2025ء ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں مالک مکان نے صفائی کے بہانے کمرے میں بلاکر ملازمہ کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا، پولیس نے جنسی زیادتی کرنے والے ملزم کو گرفتارکرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایس پی کینٹ کی ہدایت پر ڈیفنس بی پولیس نے 15 کال پر فوری ایکشن لیتے ہوئے زیادتی کرنے والے ملزم گھر کے مالک مقصود کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کیا، جس نے ملازمہ آسیہ بی بی کو اپنے کمرے کی ضفائی کے لیے بلایا اور زبردستی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا، ملزم مقصود نے ملازمہ کو ذیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد کسی کو بتانے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔

ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون کے شوہر عاطف علی کی مدعیت میں نامزد ملزم مالک مکان مقصود کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، مزید تفتیش کے لیے ملزم کو جینڈر سیل کے حوالے کردیا گیا جب کہ ایس پی کینٹ اویس شفیق نے فوری کارروائی کرنے پر ایس ایچ او ڈیفنس بی حسن علی اور ان کی پوری پولیس ٹیم کو شاباش دی اور خواتین کا استحصال کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح کے ایک اور واقعے میں لاہور پولیس نے بیوی کی غیرموجودگی میں گھریلو ملازمہ سے زیادتی کرنے والے شخص کو بھی گرفتار کرلیا، ملزم طاہر کی بیوی کسی کام کے باعث گھر سے باہر گئی ہوئی تھی، اس دوران ملزم نے ملازمہ ارم بی بی کو فون کرکے کام کے بہانے گھر بلایا، ملازمہ کے گھر پہنچنے پر ملزم طاہر نے اسے زیادتی کا نشانہ بنایا اور کسی کو بتانے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیتا رہا، تاہم متاثرہ خاتون نے 15 پر اطلاع کردی جس پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم طاہر کو حراست میں لے کر اس کے خلاف مقدمہ درج کرکے جینڈر سیل کے حوالے کردیا۔