شوگرملزمالکان نے کسانوں کودسمبرکی رقم ادا نہیں کی

وزیراعلی پنجاب کی 27 فروری کوچینوٹ آمد پرکسانوں نے احتجاج کی دھمکی دیدی

ہفتہ 22 فروری 2025 21:59

شوگرملزمالکان نے کسانوں کودسمبرکی رقم ادا نہیں کی
فیصل آباد/چینوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 فروری2025ء) شوگر ملز مالکان نے کسانوں کودسمبر کی رقم ادا نہیں کی، وزیر اعلی پنجاب کی 27 فروری کوچینوٹ آمد پر کسانوں نے احتجاج کی دھمکی دید ی، کسان ٹریکٹر ٹرالیوں پر کماد کے جنازے رکھ کر احتجاج کریں گے آن لائن کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق شوگر ملز مالکان پنجاب حکومت کی ہدایات کے باجود کسانوں کو ابھی تک رقم ادا نہیں کررہے کسان در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہوگئے ،کسانوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ شوگر ملز مافیا کیخلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لا رہی۔

کسانوں کے پاس زرعی ٹیوب ویل کے بل ادا کرنے سقت نہیں کسانوں نے آئندہ دو سے تین دنوں تک انتظار کرنا ہے اگر شوگر ملز مافیا نے پیمنٹ نہ کی تو کسانوں نے اپنا اگلا لائحہ عمل تیار کر رکھا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

کسانوں کا کہنا ہے کہ فیصل آباد چنیوٹ سمیت پنجاب ک شوگر ملز نے کسانوں کی رقم ابھی تک دسمبر کی ادا نہیں کی کسان اس سلسلہ میں وزیر اعلی پنجاب سے ملاقات کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

کسانوں کا حکومت وقت سے مطالبہ ہے کہ اجناس کی قیمت خرید مقرر کی جائے تاکہ کسان مافیا کے ہاتھوں لٹنے سے بچ پائے کسان اتحاد پاکستان رجسٹرڈ چوہدری خالد حسین باٹھ ضلع چنیوٹ کاکہنا ہے کہ اگر رقم ادا نہ ہوئی تو ہم کسان وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کا استقبال چنیوٹ آمد پر 27 فروری کو ٹریکٹر ٹرالیوں کماد کے جنازے رکھ کر کریں گے۔