ژ*ملی لیبر فیڈریشن کا فیکٹریوں میں ناکافی حفاظتی اقدامات پر تشویش کا اظہار

۹فیکٹریوں میں حفاظتی تدابیر پر مکمل عمل درآمد اور کارکنوں کے تحفظ کے لیے مناسب اقدامات کیے جائیں، رانا جبران

اتوار 23 فروری 2025 21:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 فروری2025ء) پاکستان ملی لیبر فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری رانا جبران نے فیکٹریوں میں ناکافی حفاظتی انتظامات کی وجہ سے ہونے والے حادثات پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ مزدوروں کی زندگیوں کو کسی بھی صورت میں غفلت یا ناکافی حفاظتی اقدامات کی وجہ سے خطرے میں نہیں ڈالا جانا چاہیے۔انہوں نے گزشتہ دنوں میں سٹیل مل ایمن آباد گوجرانوالہ میں پیش آنے والے دردناک حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا، جس میں چار مزدور اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ دو مزدور شدید زخمی ہو گئے تھے۔

یہ حادثہ بوائلر میں عدم توازن کی وجہ سے پیش آیا جس کے باعث پگھلا ہوا لوہا مزدوروں پر گر گیا۔انہوں نے کہا کہ یہ حادثہ ایک سنگین مسئلے کی طرف اشارہ کرتا ہے جو ہماری صنعتوں میں موجود ہے۔

(جاری ہے)

ہماری صنعتوں و فیکٹریوں میں مزدوروں کی حفاظت کے لیے کی جانے والی حفاظتی تدابیر کا فقدان ہے۔ انہوں نے حکام اور فیکٹری انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اس حادثہ کی مکمل تحقیقات کی جائیں تاکہ اس کی اصل وجوہات کا پتا چل سکے اور اس کے ذمہ داران کے خلاف سخت کارروائی کی جا سکے۔

حکام کو مستقبل میں اس طرح کے حادثات کی روک تھام کے لیے بھی اقدامات کرنے چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام فیکٹریوں میں حفاظتی تدابیر پر مکمل عمل درآمد اور کارکنوں کے تحفظ کے لیے مناسب اقدامات کیے جائیں۔ اس کے علاوہ، مزدوروں کو مناسب تربیت فراہم کی جائے تاکہ وہ اپنی حفاظت کے حوالے سے ہر ممکن احتیاطی تدابیر اپنا سکیں۔انہوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ فیکٹریوں میں حفاظتی تدابیر کی سخت نگرانی کی جائے تاکہ اس طرح کے حادثات کی روک تھام اور مزدوروں کو محفوظ کام کرنے کی جگہ فراہم کی جا سکے۔