حکومت سندھ اور کراچی کی مختلف کاروباری تنظیموں میں جعلی خبروںکی روک تھام کے لیے نظام کو مضبوط بنانے پراتفاق

منگل 25 فروری 2025 21:53

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2025ء)حکومت سندھ اور کراچی کی مختلف کاروباری تنظیموں کراچی چیمبر آف کامرس، کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری، نارتھ کراچی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے درمیان سوشل میڈیا کی جعلی خبروں کے روک تھام کے لئے فیکٹ چیکنگ کے نظام کو مضبوط کرنے پر اتفاق ہوگیا ہے۔ کراچی میں سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت بزنس فیسلٹیشن اینڈ کوآرڈینیشن کمیٹی کی ذیلی کمیٹی برائے اطلاعات کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں ممتاز کاروباری شخصیت مرزا اختیار بیگ، نارتھ کراچی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر فیصل معز خان ، کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر جنید نقی اور کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر وائس چیئرمین ضیا العارفین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

سیکریٹری اطلاعات ندیم الرحمان میمن، سیکریٹری آئی ٹی نور احمد سومرو، اور ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی اطلاعات معیز پیرزادہ بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس میں کاروباری برادری کو درپیش میڈیا سے متعلقہ مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا اور جعلی خبروں کے کاروبار اور معیشت پر پڑنے والے اثرات پر گفتگو، موثر حکمت عملی ترتیب دینے پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے موقع پر بات کرتے ہوئے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ جعلی خبروں کا پھیلا کاروبار اور معیشت پر سنگین اثرات مرتب کر سکتا ہے، حکومت سندھ جعلی خبروں اور غلط معلومات کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے موثر اقدامات اٹھانے کے لیے پرعزم ہے تاکہ کاروباری برادری کے مفادات کا تحفظ کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ جعلی خبروں سے نمٹنے کے لئے ذمہ دارانہ صحافت اور متعلقہ فریقین کا تعاون ناگزیر ہے، غلط معلومات کے پھیلا کو روکنے کے لئے کاروباری برادری اور محکمہ اطلاعات کے درمیان روابط کو مزید مستحکم کرنا ہوگا۔