امن مشقیں پاکستانی میری ٹائم سفارتکاری کا مظہرثابت ہوئیں،کمانڈر کوسٹ

میری ٹائم سکیورٹی مجموعی قومی سکیورٹی سے بھی جڑی ہے،سی گارڈ مشقوں کا مقصد کسی بھی خطرے کیخلاف میری ٹائم سکیورٹی کو فعال بنانا ،ریسپانس ٹائم کم کرنا ہے ، رئیرایڈمرل فیصل امین

منگل 25 فروری 2025 19:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2025ء)کمانڈر کوسٹ رئیرایڈمرل فیصل امین نے کہا ہے کہ امن مشقیں پاکستان کی میری ٹائم سفارتکاری کا مظہرثابت ہوئی ہیں۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں رئیرایڈمرل فیصل امین نے کہا کہ امن مشقیں ملٹی لیٹرل ایکسرسائز تھیں جس میں 60ممالک کی غیرملکی بحریہ شریک ہوئیں، ان کا بنیادی فوکس ہی میری ٹائم ڈپلومیسی تھا۔

انہوں نے کہا کہ ان میں مختلف آرا اور مختلف سٹرٹیجک سوچ کے حامل ممالک کی شرکت پاکستان بحریہ کی ساکھ کی علامت ہے جبکہ حالیہ سی گارڈ مشقیں پاکستان کی اپنی سرحدوں کے اندر سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے ہیں۔ کمانڈر کوسٹ نے کہا کہ سی گارڈ مشقوں کا مقصد کسی بھی خطرے کیخلاف میری ٹائم سکیورٹی کو فعال بنانا اور ریسپانس ٹائم کم کرنا ہے کیونکہ یہی میری ٹائم سکیورٹی مجموعی قومی سکیورٹی سے بھی جڑی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

رئیرایڈمرل فیصل امین نے کہا کہ پاکستان کی قومی سلامتی پالیسی میں کچھ مقاصد طے ہیں جن میں بقائے باہمی، اقتصادی خوشحالی، سرحدوں کا تحفظ، انسانی تحفظ، سائبر سکیوریٹی اوردیگر شامل ہیں، قومی پالیسی سے نیچے کی طرف قومی قوت کے جو عناصر ہیں وہ اپنی پالیسی اور حکمت عملی تیار کرتے ہیں جس کا میری ٹائم سکیورٹی ایک اہم حصہ ہے۔ رئیرایڈمرل فیصل امین نے بتایا کہ چیف آف نیول اسٹاف کی ہدایات پر2024 میں پہلی بار سی گارڈ مشقیں کرائی گئی تھیں، ان کے بعد جو سفارشات مرتب کی گئی،انکا جائزہ لیا گیا اورجو سبق سیکھا گیا اسے حالیہ مشقوں میں شامل کیاگیاہے، جو پہلی مشقوں میں کمی رہ گئی تھی، اسے بھی بہتر بنالیا گیا ہے،ساتھ ہی اس بار ایک اور اسٹیک ہولڈر وزارت سیاحت کو شامل کیاگیاہے۔

متعلقہ عنوان :