مسابقتی ماحول کی وجہ سے معاشی استحکام پیدا ہو رہا ہے،چیئرمین ایس ایم ای کمیٹی سیالکوٹ

جمعرات 27 فروری 2025 15:20

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2025ء) چیئرمین سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ( ایس ایم ای کمیٹی )سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری فیضان اکبر نے کہا ہے کہ پاکستان میں مسابقتی ماحول کی وجہ سے معاشی استحکام پیدا ہو رہا ہے، ہمیں دیگر ممالک کی طرح نجی شعبے کی شمولیت سے بجلی کی طلب و رسد میں مقابلے و مسابقت کو مرکزیت دیگر بجلی کی قیمت کو کاروباری افراد کے ساتھ ساتھ عام آدمی کیلئے قابل برداشت بنانا ہوگا۔

اپنے آفس میں جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ مسابقتی ماحول کی حوصلہ افزائی کے ساتھ بجلی کی تقسیم اور قیمتوں کے تعین کیلئے سستی بجلی بنانے والے ممالک کے تجربات سے فائدہ اٹھانا ہوگا اور آئی ایم ایف کے قرضوں سے نجات کیلئے برآمدات میں اضافے کے ساتھ ملکی معیشت میں بیرونی سرمایہ کاری لانا ہو گی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ کاروباری افراد کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے موجودہ حکومت کو کردار ادا کرنا ہو گا تاکہ کاروباری شخصیات نہ صرف اپنے بلکہ اپنے وطن کے لئے زرمبادلہ کما کر ملکی تعمیروترقی میں اپنا کردارا ادا کریں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ برآمد کنندگان کےلئےسازگار پالیسیاں بنا ئی جا ئیں اور مراعات فراہم کی جائیں نئی پالیسیوں کے تحت نئے و چھوٹے برآمدگان کو 2فیصد سے کم شرحِ سود پر فیکٹری اور مشینری کے لئے قرضے فراہم کئے جائیں اس کے ساتھ ساتھ کامن فیسلٹی سینٹرز کو فعال اور تجربہ کار برآمد کنندگان کو ایکسپورٹ پلاننگ پروگرام کا حصہ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کے حقیقی معمار ہمارے برآمد کنندگان ہیں۔ اگر حکومت انہیں سہولتیں فراہم کرے تو نہ صرف برآمدات میں کئی گنا اضافہ ممکن ہے بلکہ پاکستان عالمی تجارتی منڈی میں اپنی جگہ مزید مستحکم کر سکتے ہیں ۔