محکمہ زراعت پنجاب و نجی کھاد کمپنی کے باہمی اشتراک سے کپاس کی اگیتی کاشت بارے سیمینار

جمعرات 27 فروری 2025 18:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 فروری2025ء) محکمہ زراعت پنجاب اور نجی کھاد کمپنی کے باہمی اشتراک سے ضلع ساہیوال میں کپاس کی اگیتی کاشت بارے میگا سیمینارکا انعقاد کیا گیا جس میں وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔سیمینار میں پارلیمانی سیکرٹری زراعت اسامہ خان لغاری، ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری جاوید، سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو اور کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے شرکت کی۔

اس موقع پر وزیر زراعت و لائیو سٹاک نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب صوبہ میں کپاس کی بحالی کے لیے پرعزم ہےاوراس ضمن میں اگیتی کپاس کی ترویج کے لیے خصوصی پیکج متعارف کروایا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کاشتکاروں کے مسائل حل کرنے کیلئے مالی سال 25-2024 کے دوران 72 ارب روپے فراہم کئے ہیں، صوبہ میں کاشتکاروں کے مسائل حل کرنے کیلئے بلا سود زرعی قرضہ سکیم کے تحت اب تک 50 ارب روپے کی خریداری ہو چکی ہے۔

(جاری ہے)

صوبہ میں زراعت کے فروغ کیلئے گرین ٹریکٹر پروگرام، انٹرن شپ پروگرام، ایگری مالز کے قیام سمیت متعدد ایسے منصوبوں پر عملدرآمد جاری ہے جس سے کاشتکاروں کی پیداواری لاگت میں واضح کمی آئے گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی جانب سے 15 فروری سے 31 مارچ کے دوران کپاس کی اگیتی کاشت کرنے والے کسانوں کیلئے 25 ہزار روپے مالی اعانت کی جائے گی۔

انھوں نے مزید کہا کہ امسال صوبہ میں اگیتی کپاس کی کاشت کا ہدف 10 لاکھ ایکڑ مقرر کیا گیا ہے۔ رواں سال سرکاری رقبوں اور لیز پر الاٹ شدہ زمینوں پر اگیتی کپاس کاشت کرائی جائے گی۔ سید عاشق حسین کرمانی نے مزید کہا کہ کپاس کی کلائمیٹ سمارٹ اقسام کی دریافت کیلئے زرعی سائنسدانوں کو خصوصی ٹاسک سونپا گیا ہےاور کپاس کے کاشتکاروں کو معیاری زرعی مداخل کی سستے داموں دستیابی یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

اگیتی کپاس کے ہدف کے حصول کو یقینی بنانے کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو عملی کردار ادا کرنا ہوگا، اگیتی کپاس کی آگاہی مہم میں نجی شعبہ کا تعاون قابل ستائش ہے۔ سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کپاس ہماری معیشت کیلئے کلیدی اہمیت کی حامل ہے،کپاس ایسی فصل ہے جس کی کاشت کسان قومی جذبے کے تحت کرتا ہے،امسال محکمہ زراعت پنجاب کے تحت صوبہ میں گندم کی کاشت 1کروڑ 62 لاکھ 50 ہزار ایکڑ رقبہ پر کاشت ہوئی، اب کپاس کی کاشت کیلئے بھی محکمہ زراعت پنجاب کی تمام متعلقہ فیلڈ فارمیشنز کو خصوصی ٹاسک سونپ دیا گیا ہے جسے مکمل کرنے کیلئے ہر ممکن ذرائع و وسائل اختیار کئے جا رہے ہیں۔

سیمینار میں ڈائریکٹر جنرل زراعت توسیع عبدالحمید، ڈائریکٹر جنرل زرعی اطلاعات پنجاب نوید عصمت کاہلوں، پراجیکٹ ڈائریکٹر محکمہ زراعت پنجاب ڈاکٹر محمد انجم علی، خالد محمود کھوکھر، نصیر اللہ خان آر اینڈ ڈی فاطمہ فرٹیلائزر،رابیل سدو زئی سمیت دیگر افسران اور کاشتکاروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔