اقتدار کی طاقت میں لوگ اندھے اور بہرے ہو جاتے ہیں، لیاقت بلوچ

بنیادی حقوق چھین لئے جائیں تو لوگ دوسرا راستہ اختیار کرتے ہیں، ہمیں ماضی کی غلطیوں کو دہرانے کی بجائے قومی ایجنڈے پر اتفاق کرنا چاہئے، اپوزیشن جماعتوں کی قومی کانفرنس سے خطاب

جمعرات 27 فروری 2025 18:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2025ء)نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اقتدار کی طاقت میں لوگ اندھے اور بہرے ہو جاتے ہیں، ہر قسم کی رکاوٹیں لگا دی جاتی ہیں۔ اسلام آباد میں اپوزیشن جماعتوں کی کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کو خطرات لاحق ہیں، شدید ترین الفاظ میں آزادی اظہار رائے پر رکاوٹ بننے کی مذمت کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بنیادی حقوق چھین لئے جائیں تو لوگ دوسرا راستہ اختیار کرتے ہیں، وفاق صوبوں کی بات نہ سنے تو اس سے بڑے خطرات لاحق ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل اور پی ڈی ایم کا اتحاد دیکھا مگر سب کیساتھ فعال کردار ادا کیا، آئین، جمہوریت اور عوام کے ووٹ کے تقدس کی بات کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ماضی کی غلطیوں کو نہیں دہرانا چاہئے، تمام جمہوری قوتوں کو قومی ایجنڈے پر اتفاق کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ آئین کو ہر صورت برقرار رکھا جائے، عدالتوں کی آزادی کے لیے جدو جہد کرنی چاہئے۔