آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی کی برٹش اسٹینڈرڈز انسٹی ٹیوشن کے پرنسپل کنسلٹنٹ محمد شعیب سے ملاقات ، پاکستانی کاروباروں کے لیے کوالٹی اسٹینڈرڈز، سرٹیفیکیشن اور استعداد کار میں اضافے کے ممکنہ طریقوں پر تبادلہ خیال

ہفتہ 1 مارچ 2025 16:59

آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی کی برٹش اسٹینڈرڈز انسٹی ٹیوشن ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2025ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر ناصر منصور قریشی نے برٹش اسٹینڈرڈز انسٹی ٹیوشن (بی ایس آئی) کے پرنسپل کنسلٹنٹ محمد شعیب کے ساتھ ایک ملاقات میں پاکستانی کاروباروں کے لیے کوالٹی اسٹینڈرڈز، سرٹیفیکیشن اور استعداد کار میں اضافے کے ممکنہ طریقوں پر تبادلہ خیال کیا ۔

ہفتہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق ناصر منصور قریشی نے مصنوعات کے معیار، حفاظت اور عالمی مسابقت کو بڑھانے میں بین الاقوامی معیارات کے اہم کردار کی اہمیت کا اعتراف کیا ۔ انہوں نے معیارات کی ترقی، سرٹیفیکیشن، اور تربیت بارے بی ایس آئی کے اقدامات کی بھی تعریف کی۔ اس موقع پر بی ایس آئی کے نمائندے نے بی ایس آئی کی عالمی مہارت کا ایک جامع جائزہ پیش کیا اور اس بات پر زور دیا کہ کس طرح اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ اسٹریٹجک تعاون پاکستانی کاروباری اداروں کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ معیارات کی زیادہ سے زیادہ تعمیل کرنے کے قابل بنا سکتا ہے جس کے نتیجے میں برآمدی صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کیا جا سکے گا۔

(جاری ہے)

آئی سی سی آئی کے صدر نے اس طرح کی شراکت داری کو فروغ دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ فریقین نے مشترکہ طور پر مختلف صنعتوں کی مخصوص ضروریات کے مطابق آگاہی سیمینارز، تربیتی پروگراموں اور مشاورتی سیشنز کے انعقاد پر بھی اتفاق کیا۔ اس موقع پر اہم صنعتوں بشمول ٹیکسٹائل، فوڈ پروسیسنگ، تعمیرات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں کے لیے قابل قدر برآمدی امکانات کی ترقی پر بھی بات ہوئی۔

آئی سی سی آئی کے صدر کے سینئر ایڈوائزر نعیم صدیقی نے دریافت کیا کہ اس طرح کے تعاون سے مقامی تاجر برادری کو کیا فائدہ ہو سکتا ہے۔ جواب میں، بی ایس آئی کنسلٹنٹ نے اس بات کا خاکہ پیش کیا کہ کس طرح بین الاقوامی معیارات کی پابندی نہ صرف مصنوعات کے معیار اور حفاظت کو بلکہ مارکیٹ تک رسائی کو بھی بہتر بناتی ہے، برآمدات کو آسان بناتی ہے اور بین الاقوامی خریداروں کے درمیان اعتماد کو مضبوط کرتی ہے۔

میٹنگ آئی سی سی آئی اور بی ایس آئی کے درمیان ایک طویل المدتی اسٹریٹجک اتحاد کے قیام کے مشترکہ عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی جس کا مقصد پاکستان کے کاروباری ماحولیاتی نظام میں ایک مضبوط معیاری ثقافت کو فروغ دینا ہے ۔آئی سی سی آئی کے سیکرٹری جنرل، غلام مرتضیٰ نے بھی کاروباری ترقی اور معاشی استحکام کو آگے بڑھانے میں اس تعاون کی صلاحیت بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔