پی آئی اے نے دو بین الاقوامی روٹس کے کرایوں میں نمایاں کمی کردی

مسافر 16 مارچ تک اس آفر سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، جس کے لیے مسافروں کو آن لائن بکنگ کرنے کی بھی سہولت ہوگی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 2 مارچ 2025 11:36

پی آئی اے نے دو بین الاقوامی روٹس کے کرایوں میں نمایاں کمی کردی
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 مارچ 2025ء ) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن ( پی آئی اے ) نے رمضان المبارک اور عیدالفطر کیلئے دو بین الاقوامی روٹس کے کرایوں میں نمایاں کمی کردی۔ تفصیلات کے مطابق پی آئی اے نے کینیڈا کے شہر ٹورنٹو سے کراچی کے ٹکٹوں پر 10 فیصد اور پیرس سے اسلام آباد کا سفر کرنے والوں کے لیے کرایوں میں 15 فیصد رعایت کا اعلان کیا ہے، اس حوالے سے ترجمان قومی ایئرلائن نے بتایا کہ ٹورنٹو سے کراچی جانے والے مسافر 31 مارچ تک اس پیشکش سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں جس کی بکنگ 10 مارچ تک کرانا ہوگی جب کہ پیرس سے ٹکٹوں کے لیے 2 مارچ تک بکنگ کی جا سکتی ہے، مسافر 16 مارچ تک اس آفر سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں، جس کے لیے مسافر آن لائن بکنگ بھی کر سکتے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے نے برطانیہ کے لیے پروازوں کی تیاریاں بھی تیز کردی ہیں، برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ کے اجلاس میں قومی ائیر لائنز کو اجازت نامہ ملنے کی متوقع ہے، اس سلسلے میں برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ کے سیفٹی ریوروو بورڈ کا اجلاس 15مارچ کو متوقع ہے، آئندہ اجلاس میں پاکستانی ائیرلائنز کو اجازت نامہ ملنے کا امکان ہے، پی آئی اے پہلے مرحلے میں اسلام آباد سے براہ راست مانچسٹر پرواز چلانے کی منصوبہ بندی کررہی ہے، دوسرے مرحلے میں اسلام آباد اور لاہور سے لندن، برمنگھم سروس شروع کی جائے گی۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ پی آئی اے انتطامیہ نے برطانوی فلائٹ آپریشن کے انتظامات مکمل کرلیے ہیں، گرائونڈ ہینڈلنگ، کریو ہوٹلزکے ٹینڈرز جاری کردیئے گئے ہیں، برطانوی محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے فیصلے کا انتظار کررہے ہیں، مثبت فیصلہ آنے کی صورت میں فل فورآپریشن کا آغاز کر دیا جائے گا، برطانوی مارکیٹ پی آئی اے نیٹ ورک ایک انتہائی اہم روٹ ہے، مسافروں کو بین الاقوامی معیار کی اطمینان بخش سروسز مہیا کی جائیں گی۔