سندھ اور پنجاب کے اراکین اسمبلی کو ملنے والی مراعات کی تفصیل بھی سامنے آگئی

پنجاب اور سندھ اسمبلی کے قوانین بلیو پاسپورٹ اور ملک بھر میں وی آئی پی لاؤنجز تک رسائی کی اجازت دیتے ہیں، پنجاب کا قانون تو سابق ارکان کو بھی بلیو پاسپورٹ کی اجازت دیتا ہے؛ صحافی ریاض الحق کا دعویٰ

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 9 جولائی 2026 11:34

سندھ اور پنجاب کے اراکین اسمبلی کو ملنے والی مراعات کی تفصیل بھی سامنے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 جولائی 2026ء) خیبر پختونخواہ اسمبلی میں پارلیمنٹیرینز پریولیجز بل پر جاری حالیہ بحث کے دوران پنجاب اور سندھ اسمبلی کے قوانین کی دستاویزی تفصیلات بھی سامنے آ گئیں، جن میں پنجاب اور سندھ کے قوانین اپنے موجودہ اور سابق ارکانِ اسمبلی کو بلیو پاسپورٹ اور ملک بھر کے ایئرپورٹس پر تاحیات وی آئی پی لاؤنجز تک رسائی جیسی وسیع مراعات فراہم کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔

صحافی ریاض الحق کے مطابق 'دی پروونشل اسمبلی آف دی پنجاب پریولیجز ایکٹ 1972ء'، جس میں 2021ء میں ترامیم کی گئیں، ان کے تحت پنجاب اسمبلی کا کوئی بھی موجودہ رکن بلیو پاسپورٹ حاصل کرنے کا حقدار ہے، قانون کے تحت پنجاب اسمبلی کے سابق ارکان کو بھی آفیشل پاسپورٹ جاری کرنے کی اجازت دی گئی ہے، یہ ایکٹ پنجاب اسمبلی کے موجودہ اور سابق دونوں قسم کے ارکان کو پاکستان کے تمام ایئرپورٹس پر قائم وی آئی پی لاؤنجز تک رسائی کا حق فراہم کرتا ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح 'دی سندھ پروونشل اسمبلی میمبرز پریولیجز امینڈمنٹ ایکٹ 2013ء' سابق ارکان کے لیے مزید وسیع مراعات فراہم کرتا ہے، جس کے تحت سندھ اسمبلی کا کوئی بھی سابق رکن اسمبلی تاحیات آفیشل پاسپورٹ حاصل کرنے کا اہل ہے، یہ قانون صرف رکن تک محدود نہیں بلکہ وفاقی حکومت کے قوانین کے تابع رہتے ہوئے یہ وی آئی پی مراعات سابق رکن کی اہلیہ/شوہر اور 18 سال سے کم عمر کے زیرِ کفالت بچوں تک بھی بڑھائی گئی ہیں، سندھ اسمبلی کے سابق ارکان کو ایئرپورٹس پر تاحیات وی آئی پی لاؤنجز تک رسائی اور بعض دیگر مخصوص مراعات بھی حاصل ہیں۔