وفاق سے رکاوٹوں کے باوجود خیبرپختونخواہ کی معاشی صورتحال تینوں صوبوں سے بہتر ہے، علی امین گنڈاپور

پنجاب کی کارکردگی ہماری ایک فیصد کارکردگی کے برابر بھی نہیں، کارکردگی پر وزیراعلیٰ پنجاب سے مناظرے کیلئے تیار ہوں؛ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کا پشاور میں تقریب سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی اتوار 2 مارچ 2025 14:21

وفاق سے رکاوٹوں کے باوجود خیبرپختونخواہ کی معاشی صورتحال تینوں صوبوں ..
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 مارچ 2025ء ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ وفاق سے رکاوٹوں کے باوجود صوبائی حکومت کی معاشی صورتحال تینوں صوبوں سے بہتر ہے۔ پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے مشکل حالات کے باوجود آمدن میں 55 فیصد اضافہ کیا، ہم نے اپنی پوری آبادی کو صحت کارڈ پلس دیا، خیبرپختونخوا واحد صوبہ ہے جس نے آئی ایم ایف کا ٹارگٹ حاصل کیا، باقی کسی دوسرے صوبے نے ایسا نہیں کیا، پنجاب کی کارکردگی ہماری ایک فیصد کارکردگی کے برابر بھی نہیں، کارکردگی پر وزیراعلیٰ پنجاب سے مناظرے کیلئے تیار ہوں۔

(جاری ہے)

علی امین گنڈا پور کہتے ہیں کہ خیبرپختونخواہ حکومت کے پاس خزانے میں 176 ارب روپے کا سرپلس پڑا ہے، پنجاب بھی اپنی آمدن 12 فیصد سے 55 فیصد تک بڑھائے، پنجاب کے جتنے فیصد طلبہ کو لیپ ٹاپ دیئے جا رہے ہیں ہم بھی اتنے فیصد طلبہ کو مفت لیپ ٹاپ دیں گے، ہم چار ہزار مستحق بچیوں کی شادیاں کروا رہے ہیں اور ہر بچی کو دو لاکھ روپے دے رہے ہیں، اس کے علاوہ ہم نے اپنی پوری آبادی کو صحت کارڈ پلس دیا، اب لائف انشورنس کی سہولت دے رہے ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب، خیبر پختونخواہ حکومت کے طرز پر اپنے شہریوں کو مفت صحت کارڈ دے، پنجاب حکومت بھی اپنی پوری آبادی کو یہ سہولیات دے۔