این آئی آر سی کا بڑا اقدام: کیسز کی تیز سماعت کے لیے جدید ڈیجیٹل سسٹم متعارف ، تین ماہ میں 80 فیصد زیر التواء کیسز نمٹا دیئے گئے

اتوار 2 مارچ 2025 15:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مارچ2025ء) اسلام آباد: نیشنل انڈسٹریل ریلیشن کمیشن (این آئی آر سی) کے چیئرمین جسٹس (ر) شوکت عزیز صدیقی نے درخواستوں کی سماعت کو تیز اور مؤثر بنانے کے لیے ویڈیو لنک کے ذریعے فل بنچ سماعت کا آغاز کر دیا ہے۔ ابتدائی مرحلے میں اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں یہ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے، جبکہ دوسرے مرحلے میں کوئٹہ، ملتان، سکھر اور پشاور تک اس کا دائرہ بڑھایا جائے گا۔

(جاری ہے)

چیئرمین این آئی آر سی نے اپنے چیمبر میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ماضی میں این آئی آر سی کے چیئرمین اپنے اسٹاف کے ساتھ مختلف شہروں میں جا کر ایک ہفتے قیام کے دوران مقدمات کی سماعت کرتے تھے، جس میں درخواست گزاروں اور وکلاء کو مشکلات کا سامنا رہتا تھا، جبکہ ٹی اے/ڈی اے کی مد میں اضافی اخراجات بھی آتے تھے۔ تاہم، ویڈیو لنک کے ذریعے سماعت کے فیصلے سے انصاف کی فوری فراہمی ممکن ہو سکے گی اور درخواست گزاروں کے لیے سہولت پیدا ہوگی۔انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ تین ماہ میں 80 فیصد زیر التواء کیسز نمٹا دیے گئے ہیں، جبکہ کیسز کے اندراج میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جو کمیشن پر بڑھتے ہوئے اعتماد کا ثبوت ہے۔