’ٹرمپ نے یوکرین کی امداد کم کی تو روس جیت جائے گا‘

DW ڈی ڈبلیو اتوار 2 مارچ 2025 21:00

’ٹرمپ نے یوکرین کی امداد کم کی تو روس جیت جائے گا‘

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 02 مارچ 2025ء) واشنگٹن میں قائم انسٹیٹیوٹ فار اسٹڈی آف وار (آئی ایس ڈبلیو) نے ہفتے کے روز شائع ہونے والے اپنے ایک خصوصی تجزیے میں لکھا ہے کہ یوکرین کے لیے امریکی فوجی اور مالی امداد میں کٹوتی، جیسا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی ہے، جنگ کا توازن بگاڑ سکتی ہے۔ اس ادارے کے مطابق ایسی کسی امریکی پالیسی کا میدان جنگ میں یوکرین کے بجائے روس کو زیادہ فائدہ ہو گا۔

اس نئی رپورٹ کے مطابق روس یوکرین کے لیے امریکی امداد کی بندش کا فائدہ اٹھائے گا تاکہ یوکرین کے مزید علاقوں پر قبضہ کیا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ روس یوکرین کے لیے یورپی حمایت ختم کرنے کی کوشش بھی کرے گا اور صدر پوٹن نے اپنے نظریہ فتح میں اسی طرح کا خاکہ پیش کیا ہے۔

(جاری ہے)

آئی ایس ڈبلیو نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پوٹن یوکرین میں کامیاب ہوئے، تو وہ سوویت یونین کے بعد کی دیگر ریاستوں بشمول لیتھوانیا، ایسٹونیا اور لیٹویا کو کنٹرول کرنے کے اپنے اسٹریٹیجک اہداف کے حصول کے لیے بھی طاقت کا استعمال کر سکتے ہیں۔

اس ادارے نے مزید کہا کہ یوکرین کے لیے امداد میں کٹوتی سے دنیا میں امریکی اثر و رسوخ بھی کم ہو سکتا ہے۔

انسٹیٹیوٹ فار اسٹڈی آف وار کے مطابق روس، ایران، شمالی کوریا اور عوامی جمہوریہ چین (پی آر سی) نے ایک بلاک تشکیل دیا ہے، جس کا مقصد دنیا بھر میں امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو شکست دینا ہے۔

اس تجزیے میں مزید لکھا گیا ہے کہ اس وقت یہ مجوزہ بلاک یورپ، مشرق وسطیٰ اور ایشیا پیسیفک خطے میں امریکہ کی اس کے اتحادیوں کے ساتھ وابستگی کی حدود کو جانچ رہا ہے۔

چینی صدر شی جن پنگ نے فروری 2025 کے آخر میں روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے ساتھ ایک فون کال کے دوران کہا تھا کہ ''چین اور روس سچے دوست‘‘ ہیں، جو ایک دوسرے سے ''دور نہیں جا سکتے اورکسی تیسرے فریق سے متاثر نہیں ہوں گے۔‘‘

اس تجزیاتی رپورٹ کے مطابق کریملن نے ایک اور کوشش کا آغاز بھی کیا ہے، جس کا مقصد یوکرین کے لیے مزید امریکی اور یورپی فوجی امداد کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسی مقصد کے تحت روس کی جانب سے ایسے دعوے کیے جا رہے ہیں کہ وہ یوکرین کی جنگ جیت چکا ہے۔

ا ا / م م (ڈی پی اے، آئی ایس ڈبلیو)