مصطفی قتل کیس، ارمغان نے بھاری اور غیر ممنوعہ بور کا اسلحہ کہاں سے اور کیوں خریدا تحقیقات وسیع کرنے کا فیصلہ

ارمغان کے منشیات کے عالمی نیٹ ورک سے وابستہ ہونے کے معاملے پر خصوصی تحقیقاتی ٹیم کا ڈی جی اینٹی نارکوٹکس کو مدد فراہم کرنے کیلئے خط لکھنے کا فیصلہ

اتوار 2 مارچ 2025 21:55

مصطفی قتل کیس، ارمغان نے بھاری اور غیر ممنوعہ بور کا اسلحہ کہاں سے اور ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مارچ2025ء)کراچی کے علاقے ڈیفنس میں اغوا کے بعد قتل ہونے والے مصطفی عامر کیس میں گرفتار ملزم ارمغان کے منشیات کے عالمی نیٹ ورک میں کون کون سے بڑے نام شامل ہیں، ارمغان نے بھاری اور غیر ممنوعہ بور کا اسلحہ کہاں سے اور کیوں خریدا تحقیقات وسیع کرنے کا فیصلہ کرلیا، خصوصی ٹیم ڈی جی اینٹی نارکوٹکس کو خط لکھے گی۔

تفصیلات کے مطابق مصطفی عامر قتل کیس میں گرفتار ملزم ارمغان کے منشیات کے عالمی نیٹ ورک سے وابستہ ہونے کے معاملے پر خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے ڈی جی اینٹی نارکوٹکس کو بھی تحقیقات میں مدد فراہم کرنے کے لیے خط لکھنے کا فیصلہ کرلیا۔تحقیقاتی ذرائع کے مطابق اینٹی نارکوٹکس ارمغان اور ساحر حسن سے منشیات کی خرید و فروخت میں ملوث بڑے ناموں کی تفصیلات معلوم کرے گی، دوسرے مرحلے میں ارمغان اور ساحر کی کی تفتیش میں آنے والے بڑے ناموں کی گرفتاری عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ارمغان کے گھر سے ملنے والے اسلحے سے متعلق سی ٹی ڈی نے بھی فارنزک کروائے گی۔تحقیقاتی ذرائع نے بتایا کہ ارمغان نے بھاری اور غیر ممنوعہ بور کا اسلحہ کہاں سے خریدا اور کیوں خریدا اور ارمغان کے گھر سے ملنے والے اسلحے کو کہاں استعمال ہونا تھا دہشت گردی کے پہلو سے بھی تحقیقات ہوگی۔