رمضان میں لاکھوں لوگوں کے گیس استعمال کرنے سے لوڈشیڈنگ اور پریشر کے مسائل ہوتے، ترجمان گیس کمپنی

سحری اور افطار میں بہت زیادہ گیس استعمال ہوتی ہے، ایک گھر میں دو دو، تین تین چولہے استعمال ہوتے ہیں جس سے لوڈ بہت بڑھ جاتا ہے،سلمان صدیقی

اتوار 2 مارچ 2025 21:55

رمضان میں لاکھوں لوگوں کے گیس استعمال کرنے سے لوڈشیڈنگ اور پریشر کے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مارچ2025ء)ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی سلمان صدیقی نے کہا ہے کہ ہم سحری اور افطار کے اوقات میں 100 فیصد تک گیس فراہم نہیں کر پا رہے، کیونکہ ہم گیس کی قلت کے حوالے سے میڈیا کو بتاتے رہے ہیں، ملک میں گیس کے ذخائر میں کمی، ڈیمانڈ اور سپلائی کے مسائل درپیش ہیں، رمضان المبارک میں لاکھوں لوگوں کے بیک وقت گیس استعمال کرنے سے گیس لوڈشیڈنگ اور پریشر کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سلمان صدیقی نے کہا کہ کچھ گھنٹے گیس بند کرکے ہم گیس پریشرکی بہتری کی کوشش کرتے ہیں تاہم ہمیں کافی مسائل درپیش ہیں، گیس کمی کے باعث 100 فیصد سپلائی ممکن نہیں ہوپاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہر کے متعددعلاقوں سے صبح سحری کے اوقات میں گیس پریشر کی کمی کے حوالے سے شکایات آئی ہیں، جس سے لوگوں کو کافی تکلیف ہوئی ہے، رمضان میں لاکھوں لوگ بیک وقت ایک ساتھ گیس استعمال کرتے ہیں، جبکہ گیارہ مہینوں میں لوگ صبح، دوپہر اور شام کے اوقات میں گیس اپنے حساب سے استعمال کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

سلمان صدیقی نے کہا کہ رمضان میں سحری اور افطار سے قبل اور بعد بہت زیادہ گیس استعمال ہوتی ہے، ایک گھر میں دو دو، تین تین چولہے استعمال ہوتے ہیں جس کی وجہ سے لوڈ بہت بڑھ جاتا ہے، شہری رمضان میں گیس کا استعمال احتیاط سے کریں تاکہ دوسروں کو تکلیف نہ ہو۔