شرجیل میمن نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو سندھ بھر میں محکمہ کی ملکیتی زمینیں واگزار کروانے کا حکم دے دیا

محکمہ ٹرانسپورٹ کی زمینوں پر کچھ سرکاری اداروں کی جانب سے قبضہ افسوسناک بات ہے،سینئر صوبائی وزیر کا اجلاس سے خطاب

منگل 4 مارچ 2025 18:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2025ء)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو سندھ بھر میں محکمہ کی ملکیتی زمینیں واگزار کروانے کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کی تمام زمینیں فوری طور پر واگزار کروا کر رپورٹ پیش کی جائے۔ کراچی میں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت ایک اعلی سطح کا اجلاس ہوا، اجلاس میں یلو لائن بی آر ٹی منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے ایم ڈی کمال دایو، پروجیکٹ ڈائریکٹر یلو لائن بی آر ٹی ضمیر عباسی اور دیگر حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں یلو لائن منصوبے کے مختلف تکنیکی اور انتظامی چیلنجز پر تفصیلی گفتگو کی گئی، جبکہ پلوں اور ڈیپوز کے تعمیراتی کام میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران شرجیل انعام میمن نے ہدایت دی کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کی ملکیتی زمینوں پر قبضے جلد از جلد خالی کروائے جائیں۔

انہوں نے سرکاری اداروں کی جانب سے محکمہ ٹرانسپورٹ کی زمینوں پر قبضے کو افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ کی زمینوں پر کچھ سرکاری اداروں کی جانب سے قبضہ افسوسناک بات ہے۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے مزید کہا کہ یلو لائن بی آر ٹی، کراچی موبلٹی پروجیکٹ کا ایک اہم حصہ ہے، جس کا مقصد شہر میں ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یلو لائن بی آر ٹی منصوبے کا ایک اہم حصہ، جام صادق پل، مقررہ مدت سے پہلے مکمل کیا جائے گا۔ سندھ حکومت پرعزم ہے کہ کراچی کے شہریوں کو ایک جدید اور مثر پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم فراہم کیا جائے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یلو لائن بی آر ٹی ایک اہم عوامی ٹرانسپورٹ منصوبہ ہے، جس کا مقصد شہریوں کو جدید اور سستی سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے تمام متعلقہ فریقوں کو ہدایت دی کہ تعمیراتی کام جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ منصوبہ تیزی سے مکمل ہو سکے۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یلو لائن بی آر ٹی منصوبے کی تکمیل سے کراچی کے ٹرانسپورٹ سسٹم پر دبا کم ہوگا اور مسافروں کو سہولت ملے گی، حکومت تمام رکاوٹوں کو دور کرکے منصوبے کو مقررہ وقت پر مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔اجلاس کے دوران پروجیکٹ ڈائریکٹر ضمیر عباسی نے یلو لائن بی آر ٹی کی تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے تاکہ یہ بروقت مکمل ہوسکے۔ انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ یوٹیلٹیز کی منتقلی کے حوالے سے کچھ چیلنجز درپیش ہیں، جنہیں جلد از جلد حل کیا جا رہا ہے۔