گھڑی چوری کے الزام پر پولیس کا خاتون کو برہنہ کرکے مبینہ تشدد، حالت غیرہونے پرگھر پر پھینک گئے

خاتون سابق ڈی ایچ او کی گھریلوملازمہ ہے، خاتون پر 40 لاکھ روپے مالیت کی گھڑی چوری کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 6 مارچ 2025 12:06

گھڑی چوری کے الزام پر پولیس کا خاتون کو برہنہ کرکے مبینہ تشدد، حالت ..
بھکر ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 مارچ 2025ء ) صوبہ پنجاب کے ضلع بھکر کے علاقہ تھانہ کلورکوٹ کے اہلکاروں نے گھڑی چوری کے الزام پر گھریلو ملازمہ خاتون کو برہنہ کرکے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد حالت غیر ہونے پراس کے گھر پھینک دیا۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق بھکر میں تھانہ کلورکوٹ کے اہلکاروں کی جانب سے گھڑی چوری کے الزام میں خاتون کو مبینہ طور پر برہنہ کرکے تشدد کا نشانہ بنایا گیا، اس حوالے سے الزام عائد کرتے ہوئے متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ پولیس والے برہنہ کرکے ڈنڈے برساتے رہے، اس دوران جب میں نے چوری کا اعتراف کیا تو اس کے باوجود مجھ پر ظلم کیا گیا اور حالت غیر ہونے پر پولیس اہلکار مجھے میرے گھر پر پھینک گئے۔

بتایا گیا ہے کہ یاسمین نامی خاتون سابق ڈی ایچ او ڈاکٹراسلم کی گھریلوملازمہ ہے، خاتون پر 40 لاکھ روپے مالیت کی گھڑی چوری پر مقدمہ درج کیا گیا، پولیس نے تشدد کے 3 روز بعد خاتون کے خلاف مقدمہ درج کیا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف لاہور میں مالک مکان نے صفائی کے بہانے کمرے میں بلاکر ملازمہ کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا، پولیس نے جنسی زیادتی کرنے والے ملزم کو گرفتارکرلیا، ایس پی کینٹ کی ہدایت پر ڈیفنس بی پولیس نے 15 کال پر فوری ایکشن لیتے ہوئے زیادتی کرنے والے ملزم گھر کے مالک مقصود کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کیا، جس نے ملازمہ آسیہ بی بی کو اپنے کمرے کی ضفائی کے لیے بلایا اور زبردستی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا، ملزم مقصود نے ملازمہ کو ذیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد کسی کو بتانے پر سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں۔

ترجمان پولیس کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاتون کے شوہر عاطف علی کی مدعیت میں نامزد ملزم مالک مکان مقصود کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا، مزید تفتیش کے لیے ملزم کو جینڈر سیل کے حوالے کردیا گیا جب کہ ایس پی کینٹ اویس شفیق نے فوری کارروائی کرنے پر ایس ایچ او ڈیفنس بی حسن علی اور ان کی پوری پولیس ٹیم کو شاباش دی اور خواتین کا استحصال کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا۔