سردارعتیق احمد کا بنوں چھاونی ناکام حملے میں ملوث دہشت گردوں کیخلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

جمعرات 6 مارچ 2025 21:19

مظفرآباد/مدینہ منورہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مارچ2025ء)آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیراعظم سردارعتیق احمدخان نے بنوں چھاونی پر ناکام حملے میں ملوث دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین اور دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے سکیورٹی فورسز کے 5 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کے بہادر جوانوں نے جوانمردی سے خوارجی دہشتگردوں کا مقابلہ کیا۔

انہوں نے واقعے میں 5 جوانوں سمیت معصوم شہریوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہدا کیلئے بلندی درجات اور اہلِ خانہ کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں نے اپنی جان پر کھیلتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم مقاصد کو ناکام بنا دیا اور ملک کو ایک بڑے نقصان سے بچایا۔

(جاری ہے)

دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی مسلح افواج سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑی ہیں،پوری کشمیری اور پاکستانی قوم مسلح افواج کو سلام پیش کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ملک و قوم کے دشمن ہیں اور اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے بدامنی پھیلانے کی مکروہ کوشش کر رہے ہیں۔دہشتگردی کا خاتمہ عالمی چیلنج ہے، اس ناسور سے نمٹنے کیلئے اقوام عالم کو مشترکہ حکمت عملی کی ضرورت ہے۔پوری قوم ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے متحد ہے، قوم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔پاک فوج نے ملک کے چپے چپے کی حفاظت کیلئے ناقابل فراموش قربانیاں دی ہیں۔ بیرونی دشمنوں کی سازشوں سے پاکستان کے استحکام کو محفوظ بنانا سیکورٹی اداروں اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کی شبانہ روز محنت کا ثمر ہے۔