ملک کے امن واستحکام میں کسی کو خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے

گھناؤنے حملے کے منصوبہ سازوں اور سہولتکاروں کو کٹہرے میں لایا جائے گا، افغان سرزمین سے پاکستان کےخلاف غیرملکی اسلحے کے استعمال کے واضح ثبوت ہیں۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیرکا بنوں کینٹ کا دورہ، سی ایم ایچ میں زخمیوں کی عیادت کی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 6 مارچ 2025 20:01

ملک کے امن واستحکام میں کسی کو خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے
راولپنڈی ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 06 مارچ 2025ء ) چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ ملک کے امن واستحکام میں کسی کو خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے،گھناؤنے حملے کے منصوبہ سازوں اور سہولتکاروں کو کٹہرے میں لایا جائے گا، افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف غیرملکی اسلحے کے استعمال کے واضح ثبوت ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیرنے بنوں کینٹ کا دورہ کیا، آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو سکیورٹی صورتحال اورآپریشنز پر بریفنگ دی گئی، آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سی ایم ایچ بنوں کا بھی دورہ کیاجہاں پر آرمی چیف نے زخمی جوانوں کی عیادت کی۔

آرمی چیف نے فوجی جوانوں کے بلند جذبے اور عزم کی تعریف کی۔ آرمی چیف نے بزدلانہ واقعے کے شہداء لے اہلخانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

آرمی چیف جنرل عاصم منیرنے کہا کہ پاک فوج ریاست کی سلامتی اور استحکام یقینی بنانے کیلئے کردار ادا کرتی رہے گی۔ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں قومی اتحاد ناگزیر ہے۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیرنے کہا کہ کسی کو بھی ملک کے امن واستحکام میں خلل ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیرنے کہا کہ مسلح افواج عوام کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔گھناؤنے حملے کے منصوبہ سازوں اور سہولتکاروں کو کٹہرے میں لایا جائے گا۔ خوارج اور ان کے سہولتکاروں کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی، دہشتگرد گروہ افغان سرزمین سے کاروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے، افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف غیرملکی اسلحے کے استعمال کے واضح ثبوت ہیں۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیرنے کہا کہ خواتین ، بچوں اور بزرگوں کو نشانہ بنانا خوارج کی اسلام دشمنی کا ثبوت ہے۔