k فیصل آباد، مینجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز کی ہدایت

واسا ملازمین کے بچوں کے تعلیمی وظائف، فوتیدگی کی صورت میں تکفین و تدفین گرانٹ میں اضافہ،ملازمین کے لئے ایسٹر،کرسمس اور عید الائونس کی منظوری جبکہ ہر سال تین ملازمین کو بذریعہ قرعہ اندازی عمرہ کی ادائیگی کے اخراجات دئیے جائیں گے

جمعہ 7 مارچ 2025 22:05

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مارچ2025ء) مینجنگ ڈائریکٹر واسا عامر عزیز کی ہدایت پر واسا ملازمین کے بچوں کے تعلیمی وظائف، فوتیدگی کی صورت میں تکفین و تدفین گرانٹ میں اضافہ،ملازمین کے لئے ایسٹر،کرسمس اور عید الائونس کی منظوری جبکہ ہر سال تین ملازمین کو بذریعہ قرعہ اندازی عمرہ کی ادائیگی کے اخراجات دئیے جائیں گے ۔

اس ضمن میں واسا ایمپلائز ویلفیئر فنڈ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین و ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر ایڈمن شعیب رشید کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں مختلف ایجنڈا آئیٹمزپر تبادلہ خیال کرتے ہوئے متفقہ طورپر منظوری دی گئی جس میں واسا ملازمین کے بچوں کے تعلیمی وظائف میں اضافہ کیا گیا ہے۔ جس کے تحت انٹرمیڈیٹ کلاس سے پی ایچ ڈی تک وظائف میں اضافہ کیا گیا جبکہ کلاس میں 60 فیصد نمبر حاصل کرنا لازمی ہو گا تاہم ملازم کی ریٹائرمنٹ اور دوران سروس وفات پانے پر ان کے بیٹے یا بیٹی کے وظیفہ کے آرڈر جاری ہو جاتے ہیں تو متعلقہ ڈگری یا سند کے دورانیہ کا وظیفہ جاری رکھنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح واسا ملازمین کی فوتیدگی کی صورت میں تکفین و تدفین کی گرانٹ50 ہزار جبکہ واسا ملازم کے فیملی ممبر کی فوتیدگی کی صورت میں تکفین و تدفین کی گرانٹ30 ہزار روپے کر دی گئی ہے۔کمیٹی اجلاس کے مطابق ویلفیئر فنڈ سے ایسٹر اور کرسمس کے موقع پر مسیحی ملازمین جن کی ویلفیئر فنڈ سے کٹوتی کی جاتی ہے انہیں 2 ہزار روپے ایسٹر اور کرسمس الائونس دیا جائے گا،اسی طرح عید کے موقع پرریگولر ملازمین کو ویلفیئر فنڈ سی2 ہزار روپے عید الائونس بھی دیا جائے گا۔

کمیٹی کے فیصلہ کے مطابق ویلفیئر فنڈ میں سے ہر سال تین مسلمان ملازمین جن کی ریگولر سروس5 سال سے زیادہ ہو گی ان میں گریڈ ایک سے 10 کا ایک ملازم، گریڈ11 سی16 تک کا ایک ملازم اور گریڈ 17 تا زائد ایک ملازم کو بذریعہ قرعہ اندازی عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لئے سعودی عرب بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم جن ملازمین کا نام قرعہ اندازی میں ایک بار عمرہ کی ادائیگی کے لئے آ جائے گا وہ دوبارہ اہل نہ ہو ںگے۔اجلاس کے دوران ویلفیئر فنڈ میں اضافہ کے لئے ملازمین کی ماہانہ شرح کٹوتی میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔