اسلام آباد ، سیمینارکے مقررین کا کشمیری خواتین کی حالت زارپراظہار تشویش

ہفتہ 8 مارچ 2025 19:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 مارچ2025ء)کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں خواتین کی حالت زار پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے اقوام متحد ، او آئی سی اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیری خواتین کی بے حرمتی میں ملوث بھارتی فورسز اہلکاروں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں ۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ نے ’’ خواتین کے عالمی دن ‘‘ پر اسلام آباد میںاپنے دفتر میںایک سیمینار کا انعقاد کیا۔ سیمینار کی صدارت سینئر سفارتکار نائلہ چوہان نے کی۔مقررین نے مقبوضہ جموںوکشمیر میں خواتین کی حالت زار پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تحریک آزادی میں خواتین کے بے مثال کردار کے نتیجے میں انہیں بڑے پیمانے پر بھارتی فورسز کی درندگی کا سامنا ہے اور بھارتی فورسز اہلکار انکی بے حرمتی کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کنن پوش پورہ سے شوپیاں تک خواتین کی عصمت دری اور قتل کے کئی لرزہ خیز واقعات بھارتی فورسز کی درندگی کی واضح مثالیں ہیں۔مقررین نے کہا کہ بھارتی فوجیوں نے مقبوضہ کشمیر میں 1989 سے اب تک ہزاروں خواتین کے شوہروں کو گرفتاری کے بعد لاپتہ یا جعلی مقابلوں میں شہید کیا ہے، ان خواتین کو معلوم نہیں کہ ان کے شوہر زندہ ہے یا شہید کر دیے گئے ہیں اور وہ اسطرح نیم بیوائوں کی حیثیت سے زندگیاں گزارنے پر مجبور ہیں۔

انہوںنے کہا کہ کشمیری خواتین کو دہشت زدہ کرنے کے لیے بھارتی فوجیوں نے حبہ نثار اور انشا مشتاق سمیت سینکڑوں کشمیری خواتین اور بچیوں پر پیلٹ گنوں سے حملے کئے اور ان کی بینائی چھینی لی۔انہوں نے کہا کہ حریت رہنما آسیہ اندرابی، فہمیدہ صوفی ، ناہیدہ نسرین سمیت دو درجن سے زائد خواتین حق خود ارادیت کے مطالبے کی پاداش میں جیلوں میں ہیں۔

مقررین نے اقوام متحد ، او آئی سی اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کشمیری خواتین حالت زار کا نوٹس لیں ۔سیمینار میں شمیم شال مسزدرانی، ڈاکٹر شاہینہ ،ڈاکٹر شگفتہ روف،،مہر النسا، سمیرا قریشی ، ڈاکٹر فریال ، عطیہ صاحبہ،خولہ خان ، بے نظیر صاحبہ ، محمود احمد ساغر، مشتاق احمد بٹ سید فیض نقشبندی ،شیخ عبدالمتین ،محمد رفیق ڈار، شیخ یعقوب ، سید اعجاز رحمانی ،راجہ خادم حسین، میاں مظفر،امتیاز وانی زاہد صفی، سید گلشن، محمد شفیع ڈار، ،منظور احمد ڈار،محمد اشرف ڈار ،شیخ عبدالماجد ،عبدالمجید لون،قاضی عمران،امتیاز بٹ،رئیس میر،خالد شبیر اور دیگر شریک تھے۔