پنجاب میں مزدوروں کی فلاح وبہبود کیلئے کئی منصوبوں کی منظوری

صوبے بھر میں لیبرکالونیاں بنانے کیلئے پلان طلب، رحیم یار خان میں 50 بیڈ کا نیا سوشل سکیورٹی ہسپتال تعمیر ہوگا، سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کا بھی حکم دے دیا گیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 9 مارچ 2025 15:45

پنجاب میں مزدوروں کی فلاح وبہبود کیلئے کئی منصوبوں کی منظوری
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 مارچ 2025ء ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مزدوروں کی فلاح وبہبود کیلئے کئی منصوبوں کی منظوری دے دی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت جائزہ اجلاس ہوا، جس میں انہوں نے مزدوروں کی فلاح وبہبود کیلئے صوبائی وزیرمحنت فیصل ایوب کھوکھرسے جامع پلان طلب کرلیا، انہوں نے پنجاب بھر میں کم از کم اجرت کا نفاذ یقینی بنانے کا حکم دیا، مریم نوازشریف نے لیبر ڈیپارٹمنٹ کے حکام کو ہدایت کی کہ پنجاب بھر میں ورکروں کو کم از کم 37 ہزارروپے ماہانہ ادائیگی کی جائے۔

بتایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب بھر میں لیبرکالونیاں بنانے کیلئے پلان بھی طلب کر لیا اور صوبہ بھر میں سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کی ری ویمپنگ کا حکم دیا ہے، لاہوراور پنڈی اسلام آباد میں پری سکینگ کیلئے مریم نوازشریف ویلنس سینٹر بنیں گے، مریم نواز ویلنس سینٹر میں مریضوں کو سکریننگ کے بعد بڑے ہسپتال میں ریفرکیا جائے گا، لاہورڈیفنس روڈ پر 200 بیڈز کا رحمت اللعالمین کارڈیالوجی سینٹر بنانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ اجلاس میں رحیم یار خان میں 50 بیڈز کے نئے سوشل سکیورٹی ہسپتال کی اصولی منظوری دی گئی، وزیراعلیٰ پنجاب نے مزدوروں کی فلاح وبہبود کیلئے لیبرلاز میں ترامیم کی ہدایت کی، مریم نوازشریف نے کہا کہ محنت کش اللہ کے دوست ہیں، اللہ کے دوستوں کو ناراض نہیں کرسکتے، پنجاب کو مزدوروں کی فلاح وبہبود کے حوالے سے مثالی صوبہ بنانے کا عزم رکھتے ہیں، مزدور کی اجرت، علاج معالجہ، بہترروزگار اور اپنی چھت حکومت کی ذمہ داری ہے، کوئی مزدوربھوکا نہ سوئے، کسی کو دکھ اور پریشانی نہ ہو، مزدوروں کے بچوں کیلئے اعلی تعلیم کے بہتر مواقع مہیا کررہے ہیں۔