شمالی کوریا نے امریکااور جنوبی کوریا کی مشقوں کے بعد میزائل داغ دیئے

منگل 11 مارچ 2025 08:50

سیئول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مارچ2025ء) شمالی کوریا نے جنوبی کوریا اور امریکا کے فوجی مشقیں شروع کرنے کی مذمت کے چند گھنٹے بعد متعدد بیلسٹک میزائل داغ دیئے۔ العربیہ کے مطابق جنوبی کوریا کی فوج نے کہا کہ میزائل شمالی کوریا کے مغربی علاقے سے بحیرۂ اصفر کی طرف داغا گیا ۔ اتحادیوں کی سالانہ فریڈم شیلڈ مشقیں 20 مارچ تک جاری رہیں گی اگرچہ لائیو فائر کی مشقیں اس وقت معطل ہیں جب جنوبی کوریا کے جیٹ طیاروں نے گذشتہ ہفتے سرحد کے قریب ایک شہری قصبے پر غلطی سے بم گرا دیئے جس میں 29 افراد زخمی ہو گئے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے شمالی کوریا نے امریکا۔جنوبی کوریا کی مشترکہ مشقوں کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا اور انہیں حملے کا پیش خیمہ قرار دیا ہے۔جنوبی کوریا کی فوج نے کہا ہے کہ مشترکہ مشقوں کا مقصد شمالی کوریا جیسے خطرات کے لیے اتحاد کی تیاری کو مضبوط بنانا ہے۔سیول سے تقریباً 40 کلومیٹر (25 میل) شمال مشرق میں پوچیون میں حادثاتی بمباری کا نشانہ بننے والا علاقہ شمالی کوریا کی سرحد کے قریب فوجی تربیتی علاقے سے باہر تھا۔علاقے کے رہائشیوں نے طویل عرصے سے مشقوں سے پیداشدہ خلل اور خطرات کے بارے میں شکایت کی ہے۔

متعلقہ عنوان :