Live Updates

’ہم اپنے بھائیوں کے ساتھ ہیں‘ سعودی ولی عہد کا ایرانی صدر سے ٹیلیفونک رابطہ

اسرائیلی حملے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، حملوں نے جوہری پروگرام کے بحران کے حل کیلئے جاری مذاکرات میں رکاوٹ ڈالی، پوری مسلم امہ ایران کی سپورٹ کیلئے کھڑی ہے؛ محمد بن سلمان کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی اتوار 15 جون 2025 11:25

’ہم اپنے بھائیوں کے ساتھ ہیں‘ سعودی ولی عہد کا ایرانی صدر سے ٹیلیفونک ..
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 جون 2025ء ) سعودی ولی عہد اوروزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود بزشکیان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ عرب ٹی وی کے مطابق ٹیلیفونک رابطے میں ولی عہد نے اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے حملے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی امید کا اظہار کیا، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ایران پر اسرائیلی حملوں کے حوالے سے مملکت کے مذمتی مؤقف کا اعادہ کیا اور ان حملوں کو ایران کی خودمختاری اور سلامتی کو سبوتاژ کرنے، بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی صریح خلاف ورزی قرار دیا، انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حملوں نے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق بحران کے حل کیلئے جاری مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور سفارتی حل تک پہنچنے کی کوششوں میں رکاوٹ ڈالی ہے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ایرانی صدر سے مشکل گھڑی میں یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم ایران میں اپنے بھائیوں کے ساتھ ہیں، پوری مسلم امہ متحد ہو کر آپ کی سپورٹ کیلئے کھڑی ہے، ایرانی بھائیوں کی سپورٹ کے لئے ہر ممکن کاوشیں جاری رکھیں گے، ہمیں اعتماد ہے ایران دانش مندانہ اقدام کرے گا‘، اس موقع پر ایرانی صدر نے کہا کہ صدارت سنبھالتے ہی امن اور خطے کے استحکام کی کوشش کی لیکن ان کی ہر کوشش کو صہیونیوں نے ناکام بنانے کی کوشش کی‘۔

معلوم ہوا ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے درمیان بھی ٹیلی فونک رابطہ ہوا، دونوں رہنماؤں نے ایران اسرائیل کشیدگی کے بعد خطے کی صورتحال اور پیشرفت کا جائزہ لیا اور کشیدگی کو کم کرنے کے لیے تحمل مزاجی سے کام لینے کی ضرورت پر زور دیا، سعودی ولی عہد اور ترکیہ کے صدر نے کہا کہ ایران اور اسرائیل مذاکرات کے ذریعے معاملات کو حل کریں۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات