لبنان اور اسرائیل میں سرحدی مسائل کے حل کے لیے مذاکرات پر اتفاق ، امریکا ثالث ہوگا، نائب خصوصی ایلچی مورگن اورٹاگس

بدھ 12 مارچ 2025 12:14

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مارچ2025ء) مشرق وسطیٰ کے لیے امریکی نائب خصوصی ایلچی مورگن اورٹاگس نے کہا ہےکہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان سرحدی مسائل کے حل کے لیے اتفاق رائے ہوگیا ہے،امریکا ثالث کا کردار اداکرے گا۔العربیہ اردو کے مطابق میڈیا بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور لبنان نے امریکا کی سرپرستی میں زمینی سرحدوں پر اختلافات کے حل کے لیے مذاکرات شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے اور ہم نے باقی مسائل کے حل کے لیے ورکنگ گروپس تشکیل دیے ہیں۔

اس تناظر میں اسرائیلی ذرائع ابلاغ نے وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے دفتر کے حوالے سے تصدیق کی ہے کہ اسرائیل نے ان پانچ لبنانیوں کو رہا کر دیا ہے جنہیں گزشتہ موسم خزاں میں اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان جنگ کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا کے ساتھ ہم آہنگی اور نئے لبنانی صدر کے لیے جذبہ خیر سگالی کے طور پر اسرائیل نے پانچ لبنانی قیدیوں کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے،یہ فیصلہ لبنان کے سرحدی شہر ناقورہ میں ایک اجلاس کے بعد کیا گیا جس میں اسرائیلی فوج، امریکا، فرانس اور لبنان کے نمائندے شامل تھے۔

کہا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران خطے میں استحکام کے لیے تین مشترکہ ورکنگ گروپس کے قیام پر اتفاق کیا گیا،یہ گروپ دیگر مسائل کے علاوہ لبنانی سرزمین اور سرحد کے ساتھ متنازعہ علاقوں پر اسرائیلی افواج کی موجودگی سے متعلق تنازعات کو حل کرنے پر توجہ مرکوز کریں گے۔ دریں اثنالبنانی ایوان صدر نےایکس پر ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ صدر جوزف عون کو مطلع کیا گیا ہے کہ اسرائیل نے چار لبنانی قیدی حوالے کیے ہیں جنہیں گزشتہ جنگ کے دوران ا س کی فورسز نے حراست میں لیا تھا، پانچویں قیدی کو آج ( بدھ کو )رہا کیا جائے گا۔