جڑواں شہروں میں مرغی کی قیمت میں گزشتہ دو ماہ کے دوران مجموعی طورپر 152 روپے فی کلو کا اضافہ

بدھ 12 مارچ 2025 17:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 مارچ2025ء) جڑواں شہروں میں مرغی کی قیمت میں گزشتہ دو ماہ کے دوران مجموعی طورپر 152 روپے فی کلو کا اضافہ ہوا ہے۔ بدھ کو ’’اے پی پی ‘‘ کی جانب سے کیے گئے مارکیٹ سروے کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں زندہ مرغی کی قیمت 485 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ دسمبر 2024 کے آخر تک جڑواں شہروں میں چکن کی قیمت 333 روپے فی کلو تھی، گزشتہ چند ہفتوں کے دوران چکن اور انڈوں کی قیمتوں میں کمی آئی تھی تاہم اب ان کی قیمتوں میں اضافہ کارحجان ہے، جڑواں شہروں میں گزشتہ دو ماہ کے دوران پولٹری کی قیمتوں میں 30 فیصد تک اضافہ ہوا ہے۔

مارکیٹ سروے کے مطابق گزشتہ دو ماہ کے دوران چکن کی قیمت میں 32 فیصد جبکہ انڈوں کی قیمتوں میں 25 فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

(جاری ہے)

فروری 2025 کے آخری ہفتے میں جڑواں شہروں میں زندہ مرغی کی قیمت 470 روپے سے 480 روپے فی کلو کے درمیان تھی، اس وقت مرغی کاگوشت 770 سے 780 روپے فی کلو کے درمیان فروخت ہو رہا ہے۔ جڑواں شہروں کے بازاروں میں انڈے 300 سے 310 روپے فی درجن کے درمیان فروخت ہو رہے ہیں۔

اس حوالہ سے پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین چوہدری محمد اشرف نے ’’اے پی پی ‘‘کوبتایاکہا کہ حالیہ دنوں میں قیمتوں میں اضافے کی وجہ طلب اور رسد کے مسائل ہیں، ملک میں پولٹری بزنس کے مداخل اور کاروبار کرنے کی قیمتوں میں اضافے کے باعث مارکیٹ میں بحران آیا ہے، ملک میں چکن کے کاروبار سے جڑے کئی افراد موجودہ بحران سے متاثر ہیں ، خاص طور پر چھوٹے کاروبار اور پولٹری فارم بند ہو چکے ہیں اور پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا سمیت تمام صوبوں میں پولٹری کا کاروبار موجودہ معاشی بحران سے متاثر ہے، پولٹری فیڈ کے اجزاء بھی بہت مہنگے ہیں۔