مہران یونیورسٹی جامشورو میں خواتین کے عالمی دن کے حوالے سے سے تقریب کا انعقاد

جمعرات 13 مارچ 2025 17:11

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مارچ2025ء) مہران یونیورسٹی جامشورو کی "سافٹ انجینئرنگ سوسائٹی" کی جانب سے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر "وہ خواتین جو مثال بنتی ہیں"کے عنوان سے تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواتین کے حقوق اور برابری کے حوالے سے سندھ میں مثالی کردار ادا کرنے والی ڈاکٹر عرفانہ ملاح نے کہا کہ ہماری طالبات ہمارے لیے حوصلہ افزائی کا باعث ہیں اور وہ ہماری پدرشاہی معاشرتی ڈھانچے کو تبدیل کر سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج زندگی کے ہر شعبے میں خواتین آگے بڑھ رہی ہیں اور تعلیم اور زندگی کے تمام شعبوں میں اپنی جگہ بنا رہی ہیں اور اسے تسلیم کروا رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان جیسے معاشرے میں خاص طور پر نوجوان لڑکیوں کا تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی میں مردوں سے آگے نکلنا اس بات کی مثال ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈاکٹر صائمہ اکرم نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تعلیمی اور پیشہ ورانہ کیریئر میں جہاں ہماری ماؤں، بہنوں اور خواتین کا کردار ہے، وہاں کچھ مردوں کا بھی کردار ہے جنہوں نے ہمیں آگے بڑھنے میں مدد فراہم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں برابری کے ساتھ ساتھ یکساں معیار کی ضرورت ہے اور ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ مرد پروفیشنلز کی غلطی کو غلطی سمجھا جائے لیکن ملازمت کرنے والی خواتین کی غلطی کو نہ صرف غلطی سمجھا جائے بلکہ گناہ بھی سمجھا جائے۔ تقریب میں حرا لاشاری، عائشہ ریاض اور دیگر نے بھی انتہائی پُراثر تقاریر کیں۔ جبکہ تقریب میں پروفیسر ڈاکٹر خدیجہ قریشی، چیئرمین سافٹ ویئر انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ ڈاکٹر قاسم آرائیں اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔