انسداد دہشت گردی عدالت کا منشا بم اور اس کے بیٹوں کیخلاف بھتہ خوری کے الزام میں درج مقدمے سے دہشتگردی دفعات ختم کرنے کا حکم

ہفتہ 15 مارچ 2025 20:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مارچ2025ء) لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے لاہور کی مقامی سیاسی شخصیت منشا بم اور اس کے بیٹوں کیخلاف بھتہ خوری کے الزام میں درج مقدمے سے دہشتگردی کی دفعات ختم کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے مقدمہ کو سیشن عدالت منتقل کرنے کا بھی حکم دے دیا۔ لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے فیصلہ سنایا۔

(جاری ہے)

ملزمان نے بھتہ خوری کے مقدمے سے دہشتگردی کی دفعات ختم کرنے کی درخواست دائر کر رکھی تھی۔ پراسکیوشن نے دلائل دئیے کہ ملزمان پر تاجر بلال شبیر سے پچاس لاکھ روپے بھتہ مانگنے اور قتل کی دھمکیاں دینے کا الزام ہے۔ ملزمان نے بھتہ نہ دینے پر تاجر اور ان کے بھائی کی دکانوں پر قبضہ کی دھمکی بھی دی، ملزمان نے واپڈا ٹاؤن میں تاجر کی گاڑی روکی اور بھتہ نہ دینے پر دھمکیاں دیں۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد منشا بم اور دیگر کیخلاف بھتہ خوری کیس سے دہشتگردی کی دفعات ختم کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے مقدمہ کو سیشن عدالت منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔