صوبے کے امن سے کھیلنے والوں کو عبرت ناک انجام تک پہنچائیں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان

بزدلانہ حملے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے، دہشتگردوں کو کہیں پناہ نہیں ملے گی، عوام کے جان و مال سے کھیلنے والوں کو عبرت ناک انجام تک پہنچایا جائے گا؛ نوشکی دھماکے کی مذمت

Sajid Ali ساجد علی اتوار 16 مارچ 2025 15:54

صوبے کے امن سے کھیلنے والوں کو عبرت ناک انجام تک پہنچائیں گے، وزیراعلیٰ ..
کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 مارچ 2025ء ) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کیلئے کوئی جگہ نہیں، ہر قیمت پر امن قائم کریں گے۔ اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے نوشکی دالبندین شاہراہ پر دھماکے کی شدید مذمت کی اور دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبے کے امن سے کھیلنے والوں کو عبرت ناک انجام تک پہنچائیں گے، بزدلانہ حملے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے، دہشت گردوں کو کہیں پناہ نہیں ملے گی، عوام کے جان و مال سے کھیلنے والوں کو عبرت ناک انجام تک پہنچایا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردوں کیلئے کوئی جگہ نہیں، ہر قیمت پر امن قائم کریں گے، دشمن عناصر سن لیں کہ ریاست ان کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دے گی، دہشت گردوں کو ان کے انجام تک پہنچا کر دم لیں گے، یہ جنگ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گی، امن دشمنوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے، بلوچستان کا ہر فرد شہداء کے خون کا مقروض ہے۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ بلوچستان کے علاقہ نوشکی میں دالبندین شاہراہ این 40 پر سکیورٹی فورسز کی گاڑی کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہو گئے، زوردار دھماکے کی آواز دور تک سنی گئی، جس کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کردی، دھماکے کے زخمیوں کو نوشکی ہسپتال منتقل کر دیا گیا اور میر گل خان نصیر ٹیچنگ ہسپتال میں ایمرجنسی بھی نافذ کردی گئی۔