کراچی یونیورسٹی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس کے چیئرمین نے سرسید یونیورسٹی کے چانسلر اکبر علی خان کے اعزاز میں افطار ڈنر دیا

پیر 17 مارچ 2025 20:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مارچ2025ء) سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے چانسلر اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے صدر محمد اکبر علی خان نے اپنی ٹیم کے ساتھ جامعہ کراچی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس میں نئے قائم کردہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس کی اسمارٹ کلاسوں کا دورہ کیا۔ عمیر باشا انسٹی ٹیوٹ آف انفارمیشن ٹیکنالوجی (UBIT) کے چیئرمین ڈاکٹر صادق علی خان نے انہیں اے آئی اسمارٹ کلاس رومز کے افادیت و مقاصد اور چار سالہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس بی ایس پروگرام کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

سرسید یونیورسٹی کے چانسلر اکبر علی خان نے ذاکر علی خان پینل کے اعزاز میں ایسی باوقار تقریب کے انعقاد پر اموباکے ایگزیکٹیو کونسل ممبر ڈاکٹر صادق علی خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایسوسی ایشن کے ہر ممبر کی ذمہ داری اب دوگنی ہو گئی ہے اور ہر فرد کو اپنے اپنے میدان میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر جعفر نذیر عثمانی نے مستقبل کے اہداف کا ذکر کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ سابق طلبا ان خوابوں کو حقیقت کا روپ دینے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

ذاکر علی خان فانڈیشن کی چیئرپرسن مسز ارم اکبر نے اپنے وژن کو عملی شکل دینے کے لیے تمام اراکین کی اجتماعی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم سب کو مل کر سرسید یونیورسٹی کی بہتری اور ترقی کے لیے کام کرنا ہوگا۔اتفاق اوراتحاد میں بڑی طاقت ہے۔ ڈاکٹر صادق اور اموبا کے جوائنٹ سیکریٹری برائے پبلسٹی سید انعام الرحیم نے اموبا کے صدر اور سرسید یونیورسٹی کے چانسلر محمد اکبر علی خان کو یادگاری نشان پیش کیا۔

قبل ازیں خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے ڈاکٹر صادق علی خان نے کہاکہ اکبر علی خان اور مسز ارم اکبر کی غیر معمولی کارکردگی اور محنت نے کامیابی کو یقینی بنایا۔اس موقع پر انہوں نے تعلیم اور ادب کے شعبوں میں ذاکر علی خان مرحوم کی خدمات پر بھی روشنی ڈالی۔ تمام ممبران نے اس بات کا عزم کیا کہ تعلیم اور جدت کو آگے بڑھانے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

۔آج کی تقریب ذاکر علی خان کی مضبوط میراث کی دلیل ہے اور یونیورسٹی کے شاندار مستقبل کی تشکیل کے لیے المنائی، فیکلٹی اور قیادت کی اجتماعی ذمہ داری کا احساس دلاتی ہے۔ ڈاکٹر صادق علی خان نے ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری اور سرسید یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر جعفر نذیر عثمانی اور ذاکر علی خان فانڈیشن کی چیئرپرسن مسز ارم اکبر کو گلدستے پیش کیے۔