انسانیت رنگ و نسل سے بالاتر ہے ،حقیقی برتری صرف اچھے اخلاق اور کردار میں ہے،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

منگل 18 مارچ 2025 20:40

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مارچ2025ء) سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ نسلی تعصب ایک ایسا زہر ہے جو معاشرتی ہم آہنگی اور انسانی اقدار کو کھوکھلا کر دیتا ہے، یہ وہ مسئلہ ہے جس نے صدیوں سے دنیا کے مختلف خطوں میں انسانی برادری کو تقسیم کیے رکھا ہے اور بدقسمتی سے آج بھی ہمارے معاشروں میں اس کے اثرات نظر آتے ہیں۔

ان خیالات کا انہوں نے نسلی تعصب کے حوالے سے نجی سکول میں منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم دیکھتے ہیں کہ رنگ، نسل، زبان اور قومیت کی بنیاد پر لوگوں کے ساتھ امتیازی سلوک برتا جاتا ہے،کچھ لوگ اپنی برتری کے زعم میں دوسروں کو کمتر سمجھتے ہیں اور یہی رویہ نفرت، ناانصافی اور استحصال کو جنم دیتا ہےلیکن سوال یہ ہے کہ کیا ہم اس تعصب کو ہمیشہ کے لیے ختم نہیں کر سکتے؟ یقیناً کر سکتے ہیں! اور اس کا آغاز ہمیں اپنے رویوں میں تبدیلی سے کرنا ہوگا، ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ کسی بھی انسان کی عزت و توقیر اس کی نسل یا رنگ میں نہیں بلکہ اس کے کردار، اخلاق اور عمل میں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاہمارا مذہب، اخلاقی اصول ہمیں برابری، محبت اور رواداری کا درس دیتے ہیں۔ اسلامی تعلیمات میں واضح طور پر کہا گیا ہے کہ ’’کسی عربی کو عجمی پر، اور کسی عجمی کو عربی پر، کسی گورے کو کالے پر اور کسی کالے کو گورے پر کوئی فضیلت نہیں، سوائے تقویٰ کے‘‘۔ یہ وہ اصول ہے جو حقیقی انصاف اور مساوات کی بنیاد رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے اس اجتماع کا مقصد صرف گفتگو کرنا نہیں بلکہ ایک عملی عزم کرنا ہے کہ ہم اپنے دل و دماغ سے ہر قسم کے تعصب کو مٹا دیں گے،ہم اپنے گھروں، اداروں اور معاشرتی حلقوں میں ایسی سوچ کو فروغ دیں گے جو محبت، بھائی چارے اور مساوات پر مبنی ہو۔

انہوں نے کہاکہ ہمیں چاہیے کہ ہم تعلیمی اداروں، میڈیا اور سماجی سرگرمیوں کے ذریعے ایسی فضا قائم کریں جہاں ہر فرد کو برابری اور عزت کا حق ملے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے بچوں کو یہ سکھانا ہوگا کہ انسانیت رنگ و نسل سے بالاتر ہے اور حقیقی برتری صرف اچھے اخلاق اور کردار میں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ آئیے، ہم سب مل کر اس عہد کی تجدید کریں کہ ہم نسلی تعصب کے خلاف کھڑے ہوں گے، ہر قسم کی تفریق اور امتیاز کو رد کریں گے اور ایک ایسا معاشرہ تشکیل دیں گے جہاں ہر انسان برابر ہو،یہی انصاف اور ترقی کی بنیاد ہےاور یہی وہ راستہ ہے جو ہمیں ایک بہتر اور روشن مستقبل کی طرف لے جائے گا۔