امتحان میٹرک کلاس نہم(اول) سالانہ 2025 ء کا آغاز 25مارچ سے ہوگا

بدھ 19 مارچ 2025 17:24

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2025ء)کمشنروچیئرپرسن بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد مریم خان کی ہدایت پر ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد کے زیراہتمام مورخہ 4 مارچ سے شروع ہونے والا امتحان میٹرک کلاس دہم و کمپوزٹ (اول) سالانہ 2025 ء الحمداللہ کامیابی سے جاری ہے جس کا اختتام 24 مارچ کو ہوگا تاہم 25 مارچ سے امتحان میٹرک کلاس نہم (اول) سالانہ 2025 ء کا آغاز ہو گا جو 18 اپریل 2024 ء تک جاری رہے گا۔

کلاس نہم کا پہلا پرچہ 25 مارچ کو انگلش کا ہو گاجبکہ 18 اپریل کو پہلے وقت فارسی و آرٹ اینڈ ماڈل ڈرائینگ جبکہ دوسرے وقت سوکس کا ہو گا سیکرٹری و کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر حبیب الرحمن نے کہا کہ کلاس نہم کے امتحان میں کل210120 طلباء وطالبات شریک ہوں گے جن کیلئے جھنگ‘ ٹوبہ ٹیک سنگھ‘ چنیوٹ اور فیصل آباد اضلاع میں لڑکوں اور لڑکیوں کیلئے ان کے گھروں وتعلیمی اداروں کے قریب 559 امتحانی سنٹرز قائم کئے گئے ہیں تاکہ طلباء وطالبات کو پیپرز دینے کے سلسلہ میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے انہوں نے کہا کہ امتحان میں شامل ہونے والے ریگولر طلباء وطالبات کو ان کی رول نمبر سلپس ان کے تعلیمی اداروں کی وساطت جبکہ پرائیویٹ امیدواروں کو ان کے داخلہ فارموں پر دیئے گئے گھروں کے پتہ جات پر ارسال کر دی گئیں ‘اگر کسی کو اس کی رول نمبر سلپ ابھی تک نہ ملی ہو تو وہ بورڈ کی ویب سائیٹ www.bisefsd.edu.pk سے بھی ڈائون لوڈ کرکے امتحان میں شرکت کر سکتا ہے تاہم ایسے پرائیویٹ طلباء وطالبات جن کی رول نمبر سلپ ڈائون لوڈ بھی نہ ہورہی ہوں وہ ٹھوس دستاویزی ثبوت کے ہمراہ 22 مارچ بروز ہفتہ تک تعلیمی بورڈ فیصل آباد کی میٹرک برانچ یا ڈپٹی کنٹرولر میٹرک برانچ سعید اعوان سے بالمشافہ رابطہ کرے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری بورڈ نے کہا کہ حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق طلباء وطالبات کیلئے بنائے گئے امتحانی مراکز میں محکمہ تعلیم سے وابستہ حاضر سروس ایماندار‘ فرض شناس و اچھی شہرت کا حامل امتحانی عملہ متعین کیا گیا ہے تاکہ وہ ہر بچے پر یکساں نظر رکھے اور کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہ ہو۔ انہوں نے امتحانی عملہ کو بھی ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض محنت‘ لگن اور دیانتداری سے سرانجام دے ‘غفلت‘ تساہل یا کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں ہو گی اور انہیں اس کے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے کیونکہ یہ طلباء وطالبات کے مستقبل کا معاملہ ہے۔

سیکرٹری بورڈ نے مزید کہاکہ اگر امتحانات سے متعلق کسی کو رہنمائی درکار ہو تو وہ کنٹرولر امتحانات تعلیمی بورڈ فیصل آباد کے دفتری فون نمبر 0412517710یابورڈ کی ویب سائیٹ www.bisefsd.edu.pk پر رابطہ کر سکتا ہے۔