2022-23 میں اسلام آباد میں احتجاج کی روک تھام اور ریڈ زون سکیورٹی کے لئے72 کروڑ 40 لاکھ روپے کے اخراجات اٹھے ، سینیٹر طلال چوہدری

بدھ 19 مارچ 2025 17:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مارچ2025ء) وزیر مملکت داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ 2022-23 میں اسلام آباد میں احتجاج کی روک تھام اور ریڈ زون سکیورٹی کے لئے72 کروڑ 40 لاکھ 31 ہزار روپےکے اخراجات اٹھے ہیں ،2019-20 میں ریڈ زون کی حفاظت کے لئے 15 کروڑ روپے خرچ ہوئے ہیں ۔ رواں سال ریڈ زون سکیورٹی کے لئے 10 کروڑ روپے کی ضمنی گرانٹ ملی ہے ۔

وہ بدھ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات میں اظہار خیال کر رہے تھے ۔ وزیر مملکت سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ ریڈ زون کی سکیورٹی کے لئے دو مدوں میں اخراجات اٹھتے ہیں ایک تو فورسز کی نقل و حرکت ، خوراک اور رہائش جبکہ دوسرا کنٹینرز کے حصول کے لئے ہوتے ہیں ۔ سب سے زیادہ پیسے جو پچھلے پانچ سال میں2022-23 میں ہوئے ہیں کیونکہ سب سے زیادہ دھرنے اور اسلام آباد میں ہوئے ان احتجاج کی روک تھام اور ریڈ زون سکیورٹی پر 72 کروڑ 40 لاکھ اور 31 ہزار خرچ ہوئے ہیں پہلے سالوں میں ریڈ زون سکیورٹی پر اخراجات کم تھے مثلا2019میں جتنے احتجا ج ہوئے ان پر 15 کروڑ روپے کے سکیورٹی اخراجات اٹھے ۔

(جاری ہے)

اگر اس طرح وفاق پر حملہ آور نہ ہوتے اور قانون ہاتھ میں نہ لیتے تو یہ ہی کروڑوں روپے عوام پر خرچ ہوجاتے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کو چاہیئے 100 احتجاج کرے لیکن قانون کے دائرے میں ہوں تو ایک طرف قانون پر عمل درآمد ہوگا تو دوسری طرف ہمارے یہ اخراجات بھی بچ جائیں ۔ڈاکٹر مہرین رزاق بھٹو نے ایوان میں سوال اٹھایا کہ پچھلے پانچ سال میں ریڈ زون میں احتجاج پر سکیورٹی پرکتنے اخراجات اٹھے ہیں ۔سحر کامران کے ضمنی سوال پر سینیٹر طلال چوہدری نے بتایا کہ راستوں کی بندش کے لئے انتظامیہ خالی کنٹینرز حاصل کرتی ہے ، اس کی باقاعدہ ادائیگی کمپینوں کو کی جاتی ہے ۔ ایک ایسا واقعہ ہوا تھا ایک کنٹینر ٹرک کے اوپر موجود تھا اس میں سامان بھرا ہوا تھا ۔